ہمیں لوگوں نے احتساب کیلئے ووٹ دیا تھا، مگر عدالتوں کی وجہ سے مار کھا گئے: شیخ رشید

ہمیں لوگوں نے احتساب کیلئے ووٹ دیا تھا، مگر عدالتوں کی وجہ سے مار کھا گئے: شیخ رشید
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ آیا ہوں، اسی کیساتھ جاؤں گا۔ ہمیں لوگوں نے کرپٹ افراد کا احتساب کرنے کیلئے ووٹ دیا تھا، مگر عدالتوں کی وجہ سے مار کھا گئے۔
یہ بات انہوں نے سماء ٹی وی کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی ایک بھی ایسا سیاستدان نہیں جس کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے نہ ہوں۔ ملک کا کوئی ایک بھی لیڈر یہ دعویٰ نہیں کر سکتا کہ وہ جی ایچ کیو کی پیداوار نہیں ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ سے معاملات حل ہونے کا تاثر درست نہیں ہے جہاں تک رابطوں کا تعلق ہے تو کونسا لیڈر ہے جو جرنیلوں سے نہیں ملتا۔ ملتے بھی ہیں اور شرماتے بھی ہیں ، یہ کس قسم کی منافقت ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے حکومت کے چار سال پورے کرواد یے، پانچویں سال آکرسیاسی حملہ کرنا خود کشی ہوگی۔ مجھے نہیں لگتا کہ اپوزیشن عدم اعتماد لا سکتی ہے، اس میں کوئی جان نہیں، ٹھس ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن کیلئے خطرناک ہیں انہوں نے یہ بیان دے کر اینکرز سمیت اپوزیشن کو مصروف کردیا ہے۔ ملٹری لیڈرشپ کا فیصلہ ہے کہ وہ منتخب حکومت کیساتھ کھڑی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں صدارتی نظام اورایمرجنسی کی بات نہیں ہوئی یہ افواہیں ہیں مگر اس پر زیادہ شور کرنے والے بتائیں کہ ذوالفقار علی بھٹو کس نظام سے پیدا ہوا تھا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو بھیجنے میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرداری کے کیس پر ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا تاہم شہباز شریف پر سنجیدہ کیسز ہیں ان کیخلاف کچھ نکلے گا۔