بریکنگ نیوز: کراچی اور اسلام آباد میں مزید 2 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق

بریکنگ نیوز: کراچی اور اسلام آباد میں مزید 2 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق
کراچی اور اسلام آباد میں مزید 2 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہو گئی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کے دوران ملک میں مزید 2 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ نئے کیسز بھی سندھ اور وفاقی علاقے میں رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد انہیں قرنطینہ میں منتقل کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایران سے آئے ہوئے مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہو گئی۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق شام 5 بجے ہوئی جس کے بعد اسے قرنطینہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ مریض حال ہی میں ایران سے واپس پاکستان پہنچا تھا اور ایران میں ہی مریض کو کرونا وائرس کا اثر ہو گیا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مریض سے رابطے میں رہنے والے دیگر افراد کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ 2 مریضوں کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے ایک کیس کراچی اور اسلام آباد میں رپورٹ ہوا تھا۔ دونوں مریض حال ہی میں ایران سے پاکستان پہنچے تھے جنہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی تھی کہ دونوں متاثرہ مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

گذشتہ کیسز کے حوالے سے معاون خصوصی نے بتایا کہ دونوں مریض صحتیاب ہو رہے ہیں، جن میں سے ایک مریض کو جلد ہی ہسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا۔

زائرین کے حوالے سے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ منصوبہ بندی کر لی ہے کہ تفتان میں زائرین کو کیسے واپس لانا ہے، اب ہم بتدریج ایران سے زائرین کو واپس لا رہے ہیں۔