Get Alerts

کے الیکٹرک نے اپنے صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی کے صارفین کے لیے کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جس کا اطلاق آئندہ ماہ سے ہوگا۔

ڈان اخبار نے کے الیکٹرک میں موجود ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ نئی قیمتوں کے تحت 301 سے چار سو یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے 16 روپے فی یونٹ اور چار سو یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے 18 روپے فی یونٹ وصول کیا جائے گا۔

کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا ہے، وزارت توانائی نے 22 مئی کو نظرثانی شدہ قیمتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا، 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔



کے الیکٹرک کے ترجمان نے مزید کہا، قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے نئے حکم نامے میں کچھ شرائط و ضوابط پر نظرثانی کی گئی ہے جن میں استعمال کے وقت کا اطلاق بھی شامل ہے۔

صارفین کے لیے خوش خبری یہ ہے کہ ان سے اب بینک چارجز اور میٹر رینٹ وغیرہ وصول نہیں کیا جائے گا۔

انڈسٹریل سپورٹ پیکیج کے تحت صنعتی صارفین کو فراہم کی جانے والی تین روپے فی یونٹ کی رعایت کا ذکر اب بجلی کے بلوں میں الگ سے نہیں ہو گا بلکہ یہ رعایت کنزیومر اینڈ ٹیرف میں ضم کر دی گئی ہے۔