'عمران خان سہولت کاروں کی موجودگی میں الیکشن چاہتے ہیں'

'عمران خان سہولت کاروں کی موجودگی میں الیکشن چاہتے ہیں'
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور دوسرے اداروں میں عمران خان کے سہولت کار موجود ہیں۔ وہ ان سہولت کاروں کی موجودگی میں الیکشن چاہتے ہیں۔

صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں آمریت کا دروازہ کھلے اور وہ پچھلے دروازے سے ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم بن سکیں۔ پہلے خان صاحب کی ضد اور سازش یہ تھی کہ انتخابات اسٹیبلشمنٹ میں بیٹھے ان کے سہولت کاروں کی موجودگی میں ہو جائیں تاکہ وہ کامیاب ہوں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں ان کی ضد پوری ہو، عوام کے مسائل حل نہ ہوں۔ جمہوریت کی ترقی روکنے کے لئے ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ سے تو عمران خان کے سہولت کار ہٹ گئے لیکن شاید کسی اور ادارے میں ان کے سہولت کار ابھی بھی موجود ہوں۔ اگر الیکشن وقت پر ہوا تو اداروں میں ان کے سہولت کار کہیں نہیں رہیں گے۔ عمران خان کو اسی بات کی تکلیف ہے۔ اسی لئے نفرت کی سیاست کر رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پہلے ہر دو سال بعد اسمبلیاں ٹوٹ جاتی تھیں مگر اب لگاتار تیسری مرتبہ پارلیمنٹ آئینی مدت پوری کرنے جا رہی ہے۔ الیکشن آئین اور قانون کے مطابق پارلیمنٹ کی مدت پوری ہونے پر ہوتے ہیں۔ عمران خان غیر جمہوری رویہ ترک کر دیں۔

اس سے قبل بلاول بھٹو نے گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مزاروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی نے ملکی سلامتی اور جمہوریت کے استحکام کےلئے دعا بھی کی۔