اسٹیبلشمنٹ کا کردار محدود کرنا ہوگا: فواد چوہدری

اسٹیبلشمنٹ کا کردار محدود کرنا ہوگا: فواد چوہدری
سابق وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ  22 کروڑ کا ملک بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں سے نہیں چلایا جاسکتا۔ ہمیں اسٹیبشلمنٹ کا کردار محدود کرنا ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ سعد رفیق کا بیان توجہ کا متقاضی ہے۔ 22 کروڑ کا ملک بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں سے نہیں چلایا جاسکتا۔

پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کو عوام کی خواہشات کے تابع کرنے کیلئے ایک طرف سیاسی جماعتوں میں جمہوریت لانا ہوگی اور دوسری طرف اسٹیبلشمنٹ کا کردار محدود کرنا ہوگا۔

سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ احتساب عوام کا حق ہے۔

https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1614850786348998658?s=20&t=iXEEisBzfyn6dU9bECycPg

قبل ازیں وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے ایک بیان میں ملک میں جاری جمہوری نظام کے نقائص کی طرف اشارہ کیا تھا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیاست سے اتنا زیادہ دلبرداشتہ ہو گیا ہوں کہ کچھ بھی بننا پسند نہیں کرنا چاہتا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سیاست تو آخری دم تک کروں گا لیکن یہ جو چیچک زدہ جمہوریت ہے میں اس سے بالکل بھی مطمئن نہیں ہوں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کی چیچک زدہ جمہوریت سے ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا جس کی وجہ خاندانی سیاست اور اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت ہے۔

وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چیچک زدہ جمہوریت کی وجہ نظریۂ ضرورت کے تحت فیصلے دینے والے جج ہیں۔ پاکستان کا نظام آپ کو میرٹ پر کام نہیں کرنے دیتا بلکہ اقربا پروری کی طرف لے جاتا ہے۔