عدالت نے پرویز مشرف کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا

عدالت نے پرویز مشرف کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو قتل کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج شوکت کمال ڈار نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کے اشتہاری ملزم سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی تمام منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا۔

پرویز مشرف کی جائیداد میں دو قیمتی پلاٹس، دو مہنگی ترین گاڑیاں اور مختلف بینکوں میں 19 سے زائد اکاؤنٹس میں موجود رقم بھی شامل ہے۔

قبل ازیں عدالت ملزم کے اشتہاری ہونے کے بعد دونوں ضمانتوں کے دس دس لاکھ روپے کے مچلکوں کی رقم بھی ضبط کرنے کا حکم دے چکی ہے۔

خیال رہے کہ بینظیر قتل کیس کے حتمی اور آخری چالان میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق صدر پرویزمشرف کو ملزم نامزد کیا تھا۔