نیو نیوز ایچ ڈی اور خلیل الرحمان قمر کے خلاف کارروائی کے لئے پیمرا کو درخواست

نیو نیوز ایچ ڈی اور خلیل الرحمان قمر کے خلاف کارروائی کے لئے پیمرا کو درخواست
دو روز قبل خلیل الرحمان قمر کی جانب سے  ماروی سرمد کو لائیو پروگرام میں  نازیبا القابات اور گالم گلوچ  براہ راست نشر ہونے کے بعد اب تک تنازع ختم نہیں ہوا ہے۔ اور اب عورتوں کے خلاف نازیبا مواد کو براہ راست نشر ہونے سے  روکنے میں پیشہ ورانہ غفلت کا مظاہرہ کرنے پر پروگرام اینکر ، اور چینل نیو نیوز کے خلاف  پیمرا میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔

شکایت  میں استدعا کی گئی ہے کہ نیو نیوز نے اپنے پروگرام 'آج عائشہ احتشام' کے ساتھ میں عورتوں کے خلاف نازیبا اور توہین آمیز مواد نشر کیا جس سے درخواستگزاروں  کی دل آزاری ہوئی اور انہیں ذہنی صدمہ پہنچا۔ متنازعہ لکھاری خلیل الرحمان قمر نے ماروی سرمد کو گالیاں دیں اور توہین آمیز القابات سے پکارا جس پر اینکر کی جانب سے کوئی رد عمل نہیں دیا گیا۔اس عمل نے نہ صرف اخلاقی قدروں کو پامال کیا بلکہ پیمرا قوانین 2015 کی دھجیاں بکھیردیں۔ اس لئے مذکورہ اینکر اور چینل کے خلاف ایکشن لیا جائے جبکہ خلیل الرحمان قمر کے ٹی وی پر نمودار ہونے پر 6 ماہ کے لئے پابندی عائد کی جائے۔