وفاقی وزراء کا آرمی چیف سے ملاقات کرنا عمران خان کو مناسب نہیں لگا: شیخ رشید

وفاقی وزراء کا آرمی چیف سے ملاقات کرنا عمران خان کو مناسب نہیں لگا: شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسد عمر، پرویز خٹک اور شفقت محمود سمیت 6 وفاقی وزراء کا آرمی چیف سے ملاقات کرنا عمران خان کو مناسب نہیں لگا، تاہم آرمی چیف سے ملنے والوں میں وہ خود شامل نہیں تھے۔

24 نیوز کے پروگرام ’نسیم زہرا ایٹ 8‘ میں میزبان کو انٹرویو دیتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن میں کب جانا ہے یہ کارڈ عمران خان کے پاس ہے۔

تفصیلات کے مطابق میزبان نے سوال کیا کہ آرمی چیف سے ملاقات میں جو لوگ موجود تھے ان میں آپ شامل تھے تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ اسد عمر، پرویز خٹک اور شفقت محمود صاحب سمیت 6 لوگ آرمی چیف سے ملے ہیں اور کچھ باتیں بھی ہوئیں۔

میزبان نسیم زہرا نے کہا کہ وزیر اعظم کو شاید لگا کہ یہ انہیں جا کر میری شکایتیں لگاتے ہیں تو اس کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے یہ نہیں کہا کہ شکایتیں لگاتے ہیں مگر وفاقی وزرا کا ایسے آرمی چیف سے ملنا وزیر اعظم کو مناسب نہیں لگا۔

میزبان نے سوال کیا کہ کیا عمران خان اپنے نقطۂ نظر سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اپنی کرسی چھوڑ دیں گے اور جلد انتخابات کروا دیں گے؟ تو اس کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ یہ لوگ انہیں بھولا سمجھتے ہیں۔ لیکن ان کی اپنی ٹائمنگ ہے انہوں نے عثمان بزدار کے تین سال نکلوا دیے ہیں۔ تو اگر کسی کو یہ جاننا ہے کہ عمران خان نے الیکشن میں کس وقت جانا ہے تو عمران خان یہ کارڈ چھاتی کے ساتھ لگا کر کھیل رہا ہے۔ اگر عمران خان ریلکس رہ کر زندگی گزارنا چاہتا تو ان سب کو جانے دیتا۔ اگر میں عمران خان کی جگہ ہوتا تو میں ریلکس رہتا اور ڈیلیور کرتا اور یہ چخ چخ ہی ختم ہو جاتی۔