لاہور میں کالعدم تحریک لبیک کا دھرنا جاری، وزارت داخلہ نے انٹرنیٹ بند کرنے کی ہدایت کر دی

لاہور میں کالعدم تحریک لبیک کا دھرنا جاری، وزارت داخلہ نے انٹرنیٹ بند کرنے کی ہدایت کر دی
لاہور میں تحریک لبیک کے دھرنے کے تناظر میں وزارت داخلہ نے لاہور کے بعض علاقوں میں انٹرنیٹ بند کرنے کی ہدایت کردی۔

وزارت داخلہ کے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے علاقے سمن آباد، شیرا کوٹِ اقبال ٹاؤن اور نواں کوٹ میں انٹرنیٹ سروس بند کر دی جائے۔ اس کے علاوہ گلشن راوی اور سبزہ زار میں بھی فوری طور پر انٹرنیٹ بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔



دوسری جانب کالعدم تحریک لبیک کے کارکنان و رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ پر دھرنے جاری ہیں۔ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے کارکنان اور رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے جاری ہیں، کالعدم تنظیم نے لاہور کے چوک یتیم خانہ کے قریب دھرنا دے رکھا ہے، جب کہ لاہور میں پنجاب حکومت کی جانب سے بھی ممکنہ خراب صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے، اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پنجاب پولیس کی بھاری نفری دھرنے کے چاروں اطراف موجود ہے، دھرنے کے اطراف کے علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔

واٹر کینن گاڑیاں،اینٹی رائٹٹس فورس،بڑی تعداد میں گیس شیل اور سپیشل فورسز کے دستے پہنچ چکے ہیں، کالی کوٹھی اقبال ٹاؤن، اسکیم موڑ، سوڈی وال، نیازی اڈا اور سمن آباد موڑ سے راستوں کو خاردار تاروں اور کنٹینرز کی مدد سے سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی بھاری موقع پر موجود ہے دیگر اضلاع سے بھی نفری لاہور پنہچ چکی کسی بھی وقت گرینڈ آپریشن ہو سکتا ہے۔

ادھر لاہور پولیس نے اورنج لائن ٹرین سروس کی انتظامیہ کی درخواست پر تحریک لبیک کے اعلی عہدیدران سمیت نامعلوم افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت ڈکیتی، اقدام قتل، دنگا فساد، دھمکیاں دینے اور غیرقانونی ہتھیار رکھنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

مقدمے کی ایف آئی آر کالعدم تحریک لبیک کے سرپرست اعلیٰ پیر قاضی محمود اعوان، مرکزی ناظم مالیات پیر محمد قاسم، امیر جنوبی پنجاب پیر سرور شاہ سیفی، امیر ہزارہ مفتی عمیر الظاہری، ناظم شمالی پنجاب مولانا غلام عباس سیفی، امیر بلوچستان مفتی وزیر قادری اور لاہور ڈویژن کے مفتی عابد رضا قادری کے خلاف درج کی گئی ہے۔ نامزد ایف آئی آر میں تحریک لبیک کے لاہور، جہلم اور بہاولپور اضلاع کے عہدیدران کے نام بھی شامل ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق اورنج لائن نے سٹیشن منیجر نے پولیس کو اطلاع دی کہ ان تمام نامزد افراد نے چالیس کے پچاس نامعلوم مسلح افراد کے ہمراہ سٹیشن پر دھاوا بولا، عملے پر پیٹرول چھڑکا، جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، قیمتی اشیا لوٹیں اور اسلحے کی نمائش کی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے فرانسیسی سفارتکار کو ملک بدر کا مطلب ہوگا کہ پاکستان، یورپی ممالک سے باہر ہوجائے گا۔

اسلام آباد میں پولیس لائنز میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرانسیسی سفارتکار سے ہٹ کر ملک میں مدینہ کی ریاست کے قیام کے لیے وزیر اعظم عمران خان کام کررہے ہیں جبکہ فرانسیسی سفارتکار کو بے دخل کرنے سے ہمارے یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ختم نبوت پر مکمل یقین ہے اور اگر کوئی شخص مجھ سے بڑا دعویدار ہے جس نے ختم نبوت کے معاملے پر مجھ سے زیادہ قید کاٹی ہے تو مجھے بتائے میں گھر جا کر اس کو مبارک باد دوں گا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ اگر پی ڈی ایم یا ٹی ایل پی نے قانون ہاتھ میں لیا تو ان کے خلاف بھرپور ایکشن ہوگا۔

خیال رہے کہ ٹی ایل پی کی جانب سے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملتان روڈ پر مسجد رحمت اللعالمین کے قریب بڑے پیمانے پر دھرنا دے کر احتجاجی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے بعد سٹی پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

کالعدم ٹی ایل پی کے سیکڑوں کارکنوں نے دھرنے میں شرکت کی تاکہ پنجاب حکومت پر تنظیم کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالا جائے۔