نواز شریف کی پاکستان واپسی، مرتضیٰ سولنگی نے بڑی خبر دے دی

نواز شریف کی پاکستان واپسی، مرتضیٰ سولنگی نے بڑی خبر دے دی
مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف کی جانب سے دسمبر میں میاں نواز شریف کی واپسی کے بیان کو میں مذاق سمجھا تھا لیکن آج میں اسے مذاق نہیں سمجھ رہا۔

یہ بات انہوں نے نیا دور ٹی وی کے پروگرام'' خبر سے آگے'' میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس پر رضا رومی نے کہا کہ آپ کے پاس اس بارے میں کیا اطلاعات ہیں، کیا وہ واقعی وطن واپس آ رہے ہیں؟

اس کا جواب دیتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں وزیر اعظم عمران خان کو نوشتہ دیوار نظر آ گیا ہے۔ ایسا کیسے ہو سکتا ہے بلوچستان میں آنے والی تبدیلی سے باقی ملک میں نہ آئے۔ یہ معاملہ اب سالوں کا نہیں بلکہ مہینوں اور ہفتوں کا ہے۔ اب یہ تبدیلی کوئٹہ میں آکر رک نہیں جائے گی۔

رضا رومی کا کہنا تھا کہ سول ملٹری تعلقات کے معاملات تو چلتے ہیں مگر اصل معاملہ یہ ہے کہ عمران خان نے جو پارلیمنٹ کا حال کیا، ہر کسی کو دیوار کے ساتھ لگایا، اس وجہ سے آج کوئی پارٹی ان کے ساتھ کھڑے ہونے کو تیار نہیں اور کوئی بھی تبدیلی قبول کر لیں گے۔



یاد رہے کہ چند ہفتے قبل میاں جاوید لطیف نے ایک صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف اس سال کے ختم ہونے سے پہلے پہلے پاکستان واپس آ جائیں گے۔