کوئی وزیر ملک سے باہر نہ جائے، اگلے تین ماہ اہم ہیں: وزیراعظم عمران خان

کوئی وزیر ملک سے باہر نہ جائے، اگلے تین ماہ اہم ہیں: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے اپنے تمام وزرا کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ کوئی ملک سے باہر نہ جائے کیونکہ اگلے تین ماہ بہت ہی اہم ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یہ بات اپنے زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کی، جس میں ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس لئے کوئی وزیر ملک سے باہر نہ جائے۔ ہر وزیر اپنی اپنی وزارتوں میں رہے۔ آنے والے ماہ معاشی معاملات کے حوالے سے بہت اہم ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا اختیار دینے پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 میں ووٹ خریداری کی مبینہ ویڈیو پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ایسے غیر قانونی اقدامات جمہوریت کے منافی ہیں۔

اس کے علاوہ کابینہ اجلاس میں نے کورونا وبا پیکج پر جاری آڈٹ رپورٹ پر تمام متعلقہ محکموں کو وضاحت دینے کی بھی ہدایت کی۔