آئندہ کسی نے حضورﷺ کے نام پر ظلم کیا تو اسے نہیں چھوڑیں گے: وزیراعظم عمران خان

آئندہ کسی نے حضورﷺ کے نام پر ظلم کیا تو اسے نہیں چھوڑیں گے: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ اب ملک میں کسی نے اسلام اور حضرت محمد ﷺ کے نام پر کسی پر ظلم کیا تو اس کو چھوڑا نہیں جائے گا۔

انہوں نے یہ بات سری لنکا کے شہری آنجہانی پریانتھا کمارا کی یاد میں اسلام آباد میں منعقدہ ایک تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ پر پوری قوم افسردہ ہے۔ ہمیں افسوس ہے کہ لوگوں نے اس عظیم شخصیت کے نام پر ظلم کیا جو رحمت اللعالمین ﷺ ہیں۔ ہم یہ حتمی فیصلہ کر چکے ہیں کہ اب آئندہ کسی نے بھی نبی کریم ﷺ اور اسلام کی آڑ لے کر یا نام استعمال کرکے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش یا کسی پر ظلم کیا تو اس کو ہرگز چھوڑا نہیں جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمار نبی کریم حضرت محمد ﷺ نے مدینہ کی ریاست کی بنیاد انصاف اور انسانیت پر رکھی تھی۔ آپ ﷺ عرب معاشرے میں فکری انقلاب اپنے اخلاق کے ذریعے لے کر آئے۔ وہ ناصرف پورے عالم بلکہ انسانیت کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے تھے۔ انہوں نے اسلام کو تلوار کے ذریعے نہیں پھیلایا۔

ان کا کہنا تھا کہ احسان، انصاف اور رحم کے اصولوں پر ہی مذہب معاشروں کا قیام عمل میں آتا ہے۔ طاقت کا قانون تو جنگلوں میں ہوتا ہے۔ نبی کریمﷺ کی سیرت کی سب کیلئے مشعل راہ ہے۔

https://twitter.com/PTIofficial/status/1468196778155651081?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1468196778155651081%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.dawnnews.tv%2Fnews%2F1173686

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں کوئی اٹھتا ہے اور کسی پر بھی الزام لگا کر خود ہی قانون ہاتھ میں لے کر جج بن جاتا ہے۔ ہمارے یہاں نبی آخر الزمان حضرت محمد ﷺ کا نام استعمال کرکے لوگوں کو قتل اور انھیں جلایا جاتا ہے۔ اسلام کے نام پر تماشا لگتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ جس شخص پر الزام لگتا ہے کہ اس انصاف کے تمام دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں، کوئی وکیل اس متاثرہ شخص کا کیس لڑنے کیلئے تیار نہیں ہوتا، کوئی عدالت اسے نہیں سنتی۔ یہ چیز انتہائی تشویشناک ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ واقعے سے پوری دنیا میں پاکستان کا غلط امیج گیا۔ ہم آئندہ سے مستقبل میں ایسا کوئی بھی واقعہ نہیں ہونے دیں گے۔ قوم فیصلہ کر چکی ہے کہ اب ایسا نہیں ہوگا۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1468186670776336384?s=20

انہوں نے پریانتھا کمارا کی فیملی، سری لنکا کی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری نے آنجہانی کے خاندان کو ایک لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ ان کے خاندان کو ساری زندگی تنخواہ دی جائے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچانے کی کوشش کرنیوالے فیکٹری مینجر ملک عدنان کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا یہ نوجوان معاشرے کیلئے رول ماڈل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک انسان حیوانوں کے سامنے کھڑا ہوا۔ ہمیں ملک عدنان جیسے رول ماڈلز کی ضرورت ہے۔ جس طرح انہوں نے سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کی، ہمیں ان پر فخر ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ حیوانوں کے ہجوم میں ایک بہادر انسان بھی تھا۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں ملک عدنان کی بہادری پر انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اس جرات پر 23 مارچ کو تمغہ شجاعت دیا جائے گا۔