'مریم نواز شریف کو قیادت ملی تو امتحان میں پورا اتریں گی'

'مریم نواز شریف کو قیادت ملی تو امتحان میں پورا اتریں گی'
مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ اگر مستقبل میں مریم نواز شریف کو قیادت ملی تو وہ اس امتحان میں پورا اتریں گی۔

یہ بات انہوں نے ایک یوٹیوب چینل کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں کہی۔ پرویز رشید نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے لانگ مارچ میں کابل کی طرح اسلام آباد کو فتح کرنے نہیں جا رہے نہ ہمارا مقصد لشکر اور جھتے لے کر اقتدار کو چھیننا ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ حکومت کو آئینی جمہوری طریقہ سے گھر بھیجیں گے۔ نواز شریف کو آڈیو لیکس اور ویڈیو سیکنڈل نے عوام اور تاریخ کی عدالت میں سرخرو کیا ہے۔



پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ہماری جماعت مسلم لیگ (ن) سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے مریم نواز کی لاڑکانہ میں مقبولیت دیکھ لی، اس خوف کو کم کرنے کے لیے اب وہ اظہار خیال کر رہے ہیں۔

لیگی رہنما نے واضح کیا کہ نواز شریف کا سب کچھ پاکستان میں ہے، شاید زرداری صاحب پرویز مشرف کے حوالے سے بات کر رہے تھے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مزاحمت اور مفاہمت ہماری جماعت کا بیانیہ نہیں، پارٹی میں جمہوری اختلاف ہے۔ مریم کو قیادت ملی تو امتحان میں پورا اتریں گی۔