شاہ زیب خانزادہ اور فواد چودھری کے درمیان نوک جھونک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

شاہ زیب خانزادہ اور فواد چودھری کے درمیان نوک جھونک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
جیو نیوز کے پروگرام ''آج شاہ زیب خانزادہ کیساتھ'' میں میزبان اور وزیر اطلاعات فواد چودھری کے درمیان ہلکی پھلکی نوک جھونک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔

پروگرام کے دوران جب شاہ زیب خانزادہ نے فواد چودھری پر اپنے سوالوں کے تابڑ توڑ وار کئے تو فواد چودھری نے ان سے کہا کہ آپ بولنے کا موقع ہی نہیں دیتے، میرے خیال میں آپ شیشے کے سامنے بیٹھ کر پروگرام کر لیا کریں۔

اس کا جواب دیتے ہوئے شاہ زیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ ہمارا پروگرام سنجیدہ نوعیت کا ہے۔ چونکہ آپ وزیر اطلاعات بن چکے ہیں، اس لئے آپ کو اس میں مدعو کر لیا، آپ نے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کرنا ہے تو خبرناک میں چلے جائیں۔



فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آپ مسلسل بات کرتے رہتے ہیں، ایسا ہی کرنا ہے تو شیشے کے سامنے بیٹھ کر بات کر لیا کریں۔ مجھے بات کرنے کا موقع ہی نہیں دے رہے، خود اتنی لمبی تقریر کر رہے ہیں۔ میں تو نہایت احترام سے آپ کے سوالوں کا جواب دینا چاہ رہا ہوں لیکن آپ مجھے موقع ہی نہیں دے رہے۔ کوئی بھی بات آپ پیرائے سے ہٹ کریں گے وہ مضحکہ خیز ہو جائے گی، جس طرح آپ کے اس وقت سوال لگ رہے ہیں۔

اس کا جواب دیتے ہوئے شاہ زیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ آپ کو میرے سوال اس لئے مضحکہ خیز لگ رہے ہیں کیونکہ وہ حقیقت پر مبنی ہیں۔ اس لئے آپ اس کو مذاق بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں آپ سے کہوں گا کہ اگر آپ نے مذاق ہی کرنا ہے تو رات گیارہ بجے خبرناک آتا ہے، آپ اس میں چلے جائیں۔ میرا شو سنجیدہ ہے، آپ سنجیدگی سے جواب دیدیں۔