شہباز شریف پارٹی صدر اور سینئر ہیں، وزیر اعظم کے عہدے کے لئے وہ سب سے آگے ہیں، مریم نواز

شہباز شریف پارٹی صدر اور سینئر ہیں، وزیر اعظم کے عہدے کے لئے وہ سب سے آگے ہیں، مریم نواز
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ن لیگ کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار سے متعلق سوال کا جواب دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز سے پوچھا گیا کہ وزارت عظمیٰ کےلیے ن لیگ کے اگلے امیدوار کون ہوں گے؟ ن لیگی نائب صدر نے جواب دیا کہ جب وقت آئے تو جماعت فیصلہ کرے گی اور اس حوالے سے حتمی اختیار پارٹی قائد نواز شریف کے پاس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف ہماری پارٹی کے صدر ہیں، انتہائی سینئر ہیں، وزیر اعظم کے عہدے کے لئے وہ سب سے آگے ہیں۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کے فیصلے کا اختیار نواز شریف کے پاس ہے، ہم سب شہباز شریف کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ان کی سپورٹ کریں گے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ نے جیونیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر مریم نواز کی نااہلی ختم ہوگئی تب بھی (ن) لیگ کی جانب سے وزیراعظم بننے کی دوڑ میں سب سے آگے شہباز شریف ہی ہوں گے۔

جیونیوز کے ہی پروگرام کیپٹل ٹاک میں بات کرتے ہوئے جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہونے کے متعلق شاہد خاقان کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کا فیصلہ کرنا کسی رہنما کا حق نہیں۔