عثمان مرزا کیس: صلح کے لئے ایک کروڑ روپے سے زیادہ کی ڈیل ہوئی، رئوف کلاسرا کا دعویٰ

عثمان مرزا کیس: صلح کے لئے ایک کروڑ روپے سے زیادہ کی ڈیل ہوئی، رئوف کلاسرا کا دعویٰ
عثمان مرزا ریپ کیس میں مدعی لڑکا اور لڑکی اپنے بیان سے مکر گئے ہیں کہ یہ ان کے ملزم ہی نہیں ہیں۔ رئوف کلاسرا نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس ذرائع مطابق صلح کے لئے ایک کروڑ روپے سے زیادہ کی ڈیل کی گئی ہے۔ پولیس کی ساری محنت پر پانی پھیر دیا گیا ہے۔ مرزا بہت جلد آپ کے درمیان ہوں گے ٹک ٹاک پر ہور کوئی ساڈے لائق؟

خیال رہے کہ اسلام آباد میں لڑکے اور لڑکی پر تشدد کی ویڈیو بنانے اور بلیک میلنگ کے کیس میں متاثرہ جوڑے نے مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت تمام ملزمان کو پہچاننے سے انکار کر دیا ہے۔ مقدمہ اب اپنے منطقی انجام کو پہنچنے ہی والا تھا کہ متاثرہ جوڑے نے اپنا بیان بدل لیا ہے۔

کچھ عرصہ قنل اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون کے ایک فلیٹ میں لڑکا اور لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے، ان کی برہنہ ویڈیو بنانے اور انھیں جنسی عمل پر مجبور کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوئی تھی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار بھی کیا تاہم اب لڑکا اور لڑکی نے ملزمان کو پہنچاننے سے انکار کر دیا ہے۔ دونوں مدعی اپنے بیان سے مکر گئے ہیں۔ لڑکے اور لڑکی نے ٹرائل کورٹ میں اپنا بیان بھی ریکارڈ کروا دیا ہے۔

لڑکی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس نے سارا معاملہ خود بنایا ہے، میں نے بیان حلفی کسی کے دبائو میں آ کر نہیں دیا، کسی بھی ملزم کو نہ شناخت کیا اور نہ ہی کسی پیپر پر دستخط کئے۔ میں نے کسی کو بھی تاوان کی رقم ادا نہیں کی۔ ملزم ریحان سمیت دیگر ملزمان کو مجھے تھانے میں دکھایا گیا تھا۔ ریحان سمیت کسی بھی ملزم نے میرے ساتھ زیادتی کی کوشش نہیں کی۔ میں ریحان کو نہیں جانتی نہ ہی وہ ویویڈو بنا رہا تھا۔

https://twitter.com/KlasraRauf/status/1480854574579728388?s=20

خیال رہے کہ 02 دسمبر 2021ء کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عثمان مرزا کیس میں ایف آئی اے اہلکار مسعود علی پر ملزمان کے وکلا نے جرح مکمل کرلی تھی۔

گذشتہ جمعرات کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عطاء ربانی کی عدالت میں کیس کی سماعت کی گئی۔ مرکزی ملزم عثمان مرزا اور دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران ملزمان کے وکلاء نے گواہان پر جرح کی۔

ایف آئی اے اہلکار مسعود علی نے کہا کہ میرے پاس اصلی ویڈیو نہیں تھی بلکہ انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ کی ہوئی ویڈیو تھی۔ اس نے کہا کہ میں نے آسٹریلین پولیس سے جو کورس کیا ہے اس میں آڈیو ویڈیو فورینسک کرنا شامل ہے۔ ملزمان کے وکلا نے سوال کیا کہ گوگل کس کا یونٹ ہے۔ ایف آئی اے اہلکار مسعود علی نے کہاکہ مجھے نہیں پتا کہ گوگل کس کا یونٹ ہے۔

ایف آئی اے اہلکار مسعود علی پر ملزمان کے وکلا نے جرح مکمل کر لی ہے۔ ایف آئی اے اہلکار انیس الرحمن نے کہا کہ ٹویٹر پر ٹرینڈ بنا جس پر غیر اخلاقی ویڈیوز تھیں جس پر میں نے تحقیقات کیں، میں نے ٹرینڈ پر تحقیقات نہیں کیں کہ کتنے اصلی اور نقلی اکاؤنٹ تھے۔