مسلم لیگ (ن) نے پیکا کی منسوخی کے لئے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی

مسلم لیگ (ن) نے پیکا کی منسوخی کے لئے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی
پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کی منسوخی کے لئے عملی قدم اٹھاتے ہوئے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے قومی اسمبلی رولز 2007 کی شق 170 دو کے تحت اسپیکر قومی اسمبلی کے نام قرارداد جمع کرائی۔ قرارداد ایوان میں رائے شماری کے لئے پیش کی جائے گی اور منظوری کے بعد پیکا ترمیمی آرڈیننس منسوخ ہوجائے گا، کیونکہ رول170 دو کے تحت قرارداد قومی اسمبلی منظور کرلے تو آرڈیننس منسوخ ہوجاتا ہے۔

مریم اورنگزیب کی قرارداد میں کہا گیا کہ ”پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز (ترمیمی) آرڈیننس 2022 “ کو نامنظور کرتی ہوں، قاعدہ170 دو کے تحت پیکاترمیمی آرڈیننس کی منسوخی کے لئے قرارداد ایوان میں پیش کی جائے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی ہدایت پر یہ قرارداد جمع کرائی گئی ہے۔ صحافتی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد کو ملاقات میں شہبازشریف نے پیکاآرڈیننس کی منسوخی کے لئے قرارداد لانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔