'ہم پر الزام لگانے والوں کے سر پر اللہ کی لاٹھی پڑی' موسوی کی معافی پر شہباز شریف کا اظہار تشکر

'ہم پر الزام لگانے والوں کے سر پر اللہ کی لاٹھی پڑی' موسوی کی معافی پر شہباز شریف کا اظہار تشکر
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے براڈشیٹ کے سی ای او موسوی کی طرف سے باضابطہ معافی مانگنے پر تشکر کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ 22 سال چھان بین کرنے والے نے اعتراف کیا کہ نوازشریف اوران کا خاندان بے قصور ہے، صدشکر اوراحسان اس ذات پاک کاجس نے تحقیق کرنے والوں سے ہی اعتراف کرایا۔

https://twitter.com/CMShehbaz/status/1506152249470373888

شہباز شریف نے کہا کہ تحقیق کرنے والوں نے اعتراف کیا کہ یہ سب سیاسی انتقام تھا، مشرف سے دورِنیازی تک 22 سال باریک بینی سے چھان بین کی گئی، کاوے موسوی نے تسلیم کیا کہ ناجائز دولت کا کوئی سا بھی ثبوت نہیں ملا، کاوے موسوی کا بیان دراصل نیب نیازی گٹھ جوڑ پر فرد جرم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کی ستائی قوم کے لاکھوں ڈالراور پاؤنڈز سیاسی انتقام پرضائع ہوئے، یہ رقم سیاسی انتقام پر ضائع کرنے والوں سے وصول کرنی چاہیے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہمارے خاندان، جماعت اور وابستہ ہرفرد کا 40 سال بے رحم اورکڑا احتساب کیا گیا، سب کچھ کرنےکے باوجود ایک دھیلے کی کرپشن کا نہ ہونا ایمانداری کا ثبوت ہے، یہ ہماری ملک وعوام کی خدمت کا اعتراف ہےجو اللہ تعالیٰ نے تفتیش کرنے والوں سے ہی کرایا، اسے کہتے ہیں اللہ کی لاٹھی جو ہم پرجھوٹے الزام لگانے والے کذابوں کے سرپرپڑی ہے۔