وقتی فائدے کیلئے کہیں نہیں جاتا، چوری چھپے ملنے والا نہیں، وزیراعظم سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی

وقتی فائدے کیلئے کہیں نہیں جاتا، چوری چھپے ملنے والا نہیں، وزیراعظم سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی
سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں صرف وقتی فائدے کے لیے جماعتوں میں نہیں جاتا۔ میں کوئی چوری چھپے ملاقاتیں کرنے والا انسان نہیں ہوں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں چودھری نثار علی خان نے کہا کہ ملک قرضوں کے بوجھ تلے دب کر رہ گیا ہے۔ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرضوں کی بروقت ادائیگی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں پوری قوم کو سوچ بچار کرنے کی ضرورت ہے۔ قومی معاشی پالیسی بنانی چاہیے، جس پر پوری قوم کا اتفاق رائے ہو۔ اس پالیسی کی تمام سیاسی جماعتوں کو اونرشپ لینی چاہیے۔ ملک بند گلی میں دھکیل دیا گیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن سب بند گلی میں کھڑے ہیں۔ اس وقت ملک وقوم کو بند گلی سے نکالنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر میرا کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔ کچھ مداحوں نے مختلف اکائونٹس کھول رکھے ہیں۔ ان کے لاکھوں فالورز ہیں۔ ان سے کبھی شکایت پیدا نہیں ہوئی۔ البتہ سیاسی مخالفین نے بھی میرے نام سے جعلی اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں۔ ان کے ذریعے غلط معلومات پھیلائی جاتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک رب العزت ذات کسی کی سیاست ختم نہ کردے، اس وقت تک کوئی کسی کو سیاست سے آؤٹ نہیں کرسکتا۔ چار مرتبہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ طشتری میں پیش کی گئی۔ میں چور دروازے سے اقتدار کی دہلیز پر قدم نہیں رکھوں گا۔ عوام کے ووٹوں کی قوت سے پارلیمان میں جا کر فیصلہ کروں کہ مجھے کیا کرنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت کی کوئی دعوت ملی ہے اور نہ ہی میں جلسے میں شرکت کر رہا ہوں ، میں وقتی فائدہ کے لیے پارٹی بدلنے والا نہیں، مجھے کوئی پارٹی جوائن کرنے کی جلدی نہیں،ا گر میرے حلقوں کے ووٹرز نے کہا کہ آزاد حیثیت سے انتخاب لڑو، تو میں ان کے فیصلے کے سامنے سر تسلیمِ خم کر دوں گا۔

چودھری نثار کا کہنا تھا کہ پچھلے تین چار روز سے میں چکری میں ہوں۔ یہاں سے باہر نہیں گیا تو پھر وزیر اعظم عمران خان سے میری ملاقات کہاں ہوئی ہو گی؟ پچھلے ہفتے، مہینے یا سال تو کوئی ملاقات نہیں ہوئی، تو پھر کب ملاقات ہوئی! ان کا کہنا تھا کہ میں چوری چھپے ملاقات کرنے والا نہیں ہوں۔