عمران خان ایک دن جیل نہیں کاٹ سکتے، میرا چیلنج ہے: مریم نواز شریف

عمران خان ایک دن جیل نہیں کاٹ سکتے، میرا چیلنج ہے: مریم نواز شریف
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں نے جیلیں کاٹیں ہیں۔ لیکن میرا چینلج ہے کہ عمران خان ایک دن بھی جیل نہیں کاٹ سکتے۔

اسلام آباد میں مہنگائی مارچ سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جو شخص کلمہ نہ پڑھ سکے۔ جو خاتم النبیین نہ کہہ سکے۔ جو صلی اللہ علیہ وآل وسلم نہ پڑھ سکے۔ جو مغرب کی اذان میں الصلاۃ خیر من النوم کہے، اس کو مذہب کا نام لینے کی اجازت ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان گواہی دیں گے کہ اگر پاکستان کے خلاف کوئی سازش ہوئی ہے تو اس کا نام عمران خان ہے۔ جن کے دلوں میں تکبر ہو، ان کا وہی حشر ہوتا ہے جو عمران کا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جن کی صبح شام گالیوں اور بدتمیزی سے ہو، ان کا وہی حشر ہوتا ہے جو عمران کا ہے۔ حشر کی صرف ابتدا ہوئی ہے اور یہ عبرت کا نشان بن گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں عمران خان کو الوداع کہنے آئے ہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ شخص عوام کا اعتماد کھو چکا ہے۔ حکومت کے باوجود سولہ میں سے پندرہ ضمنی الیکشن ہار چکا ہے۔ یہ شخص پارلیمنٹ اور اپنی پارٹی کا اعتماد کھو چکا ہے۔


انہوں نے کہا کہ ‎172 ارکان پورے کردو، میں مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کی منت کروں گی کہ اس کو چھوڑ دو اس سے ارکان پورے نہیں ہو رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران کے اقتدار کی کشتی ڈوبنے لگی ، تو عثمان بزدار کو دھکا دے دیا۔ میں نے اس سے بڑا احسان فراموش کبھی نہیں دیکھا۔ جہانگیر ترین کو پیسہ کھایا، علیم خان کو استعمال کیا لیکن وقت آنے پر سب کو چھوڑ دیا۔ اس شخص کے شر سے کوئی نہیں بچ سکا۔

مریم نواز نے کہا کہ لوگوں کو سرپرائز کا دھوکا دے اپنے جلسے میں بلایا لیکن کھودا پہاڑ نکلا چوہا۔ عالمی طاقتوں کی سازش سے زیادہ مضحکہ خیز بات کبھی سنی۔ ذہنی مریض کو قوم پر مسلط کیا گیا۔ خط بنی گالہ میں کبوتروں کے ذریعے پہنچایا گیا۔ میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ عمران خان تم نے کون سے ایٹمی دھماکے کئے کہ عالمی سازش کی ضرورت پڑ گئی۔