'گستاخ گیرٹ ویلڈرز کا خوشیاں منانا ثابت کرتا ہے کہ عمران خان سچے عاشق رسول ﷺ ہیں'

'گستاخ گیرٹ ویلڈرز کا خوشیاں منانا ثابت کرتا ہے کہ عمران خان سچے عاشق رسول ﷺ ہیں'
چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت ختم ہونے پر گستاخ گیرٹ ویلڈرز کا خوشیاں منانا ثابت کرتا ہے کہ عمران خان سچے عاشق رسول ہیں۔

نامزد امیدوار برائے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے یہ بات اپنے زیر صدارت ہونے والے مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس میں کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب عمران خان کے ساتھ تحفظ ناموس رسالت ﷺ اور تحفظ ختم نبوت ﷺ کے معاملہ پر انشاء اللہ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ گستاخ ڈچ ایم پی گیرٹ ویلڈرز نے اللہ کے آخری نبی حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کی۔ دراصل ایسے شخص ہی دہشت گرد ہیں جو انسانیت کے نام پر بدنما دھبہ ہیں۔

https://twitter.com/geertwilderspvv/status/1514386159249600519?s=20&t=tceAlSybedd5Qkfu2nVJeQ

انہوں نے کہا کہ ہم سب تحفظ ناموس رسالت کے ادنیٰ سے سپاہی ہیں۔ پوری امت مسلمہ اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ اللہ کے فضل وکرم سے اس دور میں پنجاب اسمبلی میں تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت کے حوالے سے تاریخی کام ہوئے ہیں۔ اس سارے نیک کام میں تمام ممبران پنجاب اسمبلی بھی شریک ہیں۔

لیگی قائد کا کہنا تھا کہ ڈچ حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ اس طرح کی گھناؤنی سازشیں بند کرے تاکہ مسلمانوں کی دل آزاری نہ ہو۔ اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی، شفقت محمود، محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیر الدین، ہاشم جواں بخت، سبطین خان، سید عباس علی شاہ، حسین جہانیاں گردیزی اور میاں محمود الرشید بھی شریک تھے۔

ارکان پنجاب اسمبلی کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ پارلیمانی پارٹی کا چودھری پرویز الٰہی کی کامیابی کیلئے بھرپور عزم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں کل الیکشن کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔