عمران خان کشمیر فروش، اب پاکستان کو ٹکڑے کرنے کی باتیں کر رہا ہے: جے یو آئی

عمران خان کشمیر فروش، اب پاکستان کو ٹکڑے کرنے کی باتیں کر رہا ہے: جے یو آئی
جمعیت علمائے اسلام (ف) نے عمران خان کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا وجود وجود پاکستان کیلئے کسی خطرے سے خالی نہیں ہے۔ کشمیر فروش، اب پاکستان کو ٹکڑے کرنے کی باتیں کر رہا ہے

عمران نیازی کے شانگلہ میں بیان پر جے یو آئی کے ترجمان محمد اسلم غوری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ مسلسل ملک اور اداروں پر حملے کر رہا ہے۔ سپریم کورٹ فوری طور پر اس فسادی کے خلاف سوموٹو ایکشن لے۔

ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ پاکستان کے تین ٹکڑے کرنے کی باتیں کرنے والے اب آہستہ آہستہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں۔ عمران نیازی مودی کی زبان بول رہا ہے۔

محمد اسلم غوری کا کہنا تھا کہ ہم نے روز اول سے کہا تھا کہ عمران نیازی اور اس کے حواریوں کا وجود پاکستان کی سالمیت کیلئے خطرہ ہے۔ عمران نیازی سیاست کی آڑ میں پاکستان کے اندر تقسیم پیدا کرنا چاہتا ہے جو کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کے خلاف ادارے فوری ایکشن لیں یہ پاکستان کی سالمیت کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔ عمران نیازی اور اسکی فسادی پارٹی ختم ہو جائیگی اور انشاء اللہ پاکستان قیامت کی صبح تک قائم رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی نے ہمیشہ الزام اور جھوٹ کی سیاست کی۔ غداری کے فتوے لگانے والا آج خود قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ عمران نیازی کے بیانات سے معلوم ہو رہا ہے کہ اقتدار چھین جانے کے بعد یہ شخص باؤلا ہو چکا ہے۔

جمیعت علمائے اسلام کے ترجمان نے کہا کہ گالم گلوج اور جھوٹی سیاست کرنے والوں کو قوم نے مسترد کر دیا ہے۔ ان کے فسادی مارچ سے معلوم ہو گیا تھا کہ پاکستان کی قوم اب مزید اس شخص کے جھوٹ اور فریب میں آنے والی نہیں ہے۔