'عمران خان کا بالاخر پشاور چھوڑنے کا فیصلہ، اسلام آباد آ رہے ہیں'

'عمران خان کا بالاخر پشاور چھوڑنے کا فیصلہ، اسلام آباد آ رہے ہیں'
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اتوار کو اسلام آباد میں موجود ہونگے اور کل بنی گالہ میں اہم اجلاس کی صدارت کرینگے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبشلمنٹ سیاست میں کردار ادا کرے گی تو ان پر تنقید بھی ہوگی۔ میثاق معیشت بے وقوفانہ بات ہے۔ سیاسی جماعتوں میں میثاق معیشت نہیں ہو سکتی اور ہر سیاسی جماعت اپنی معاشی پالیسی لے کر چلتی ہے۔ پاکستان میں میثاق معیشت نہیں ہو سکتی کیونکہ معیشت پر ہی تو سیاست ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی شدت پسند جماعت نہیں نہ جے یو آئی کی طرح مسلح گروہ ہے۔ تحریک انصاف مڈل کلاس جماعت ہے۔ سب سے بڑی وفاقی جماعت کو دیوار سے لگائیں گے تو اچھا نہیں ہوگا۔

فواد چودھری نے کہا کہ آج بھی جو وزیر داخلہ نے دھمکیاں دی ہیں سپریم کورٹ کو دیکھنا چاہیے۔ سپریم کورٹ پہلے ہی آرڈر جاری کر چکی ہے جس کا حکم انہوں نے نہیں مانا، اب امید ہے کہ سپریم کورٹ ان معاملات کو دیکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو دیکھنا چاہیے کہ وزیر داخلہ دھمکیاں دے رہا ہے۔ ظاہر ہے ان دھمکیوں کا نوٹس حکومت تو نہیں لے گی۔ کیا یہ کیا ملک میں بدمعاشی کے ذریعے معاملات چلانے ہیں۔ ملک کو بدمعاشوں کا اکھاڑا بنانا ہے تو معاملات بہتر نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ رانا ثناء کہتا ہے کہ عمران خان کو آنے نہیں دوں گا۔ وہ کہتا ہے دیکھوں گا صوبوں میں ٹریول کیسے ہو سکتا ہے لیکن اب عمران خان تو اتوار کو اسلام آباد آ رہے ہیں۔