پاک فوج اور جوہری پروگرام کے بارے میں متنازع بیان، عمران خان کیخلاف ایوان میں قرارداد پیش

پاک فوج اور جوہری پروگرام کے بارے میں متنازع بیان، عمران خان کیخلاف ایوان میں قرارداد پیش
سابق وزیراعظم عمران خان کے پاکستان کے تین ٹکڑے، پاک فوج کے تباہ ہونے اور جوہری پروگرام کے خلاف بیان کیخلاف قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کر دی ہے۔

یہ قرارداد وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان کی شدید مذمت کرتی ہے۔

ایوان میں پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے جوہری پروگرام کی بنیاد سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے رکھا اور پایہ تکمیل تک میاں نواز شریف نے پہنچایا۔ ہمیں اپنی سیاسی وابستگی اور جماعتیں عزیز ہیں لیکن مذہب اسلام اور پاکستان سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں ہے۔

سردار ایاز صادق کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ریاست سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرے۔ اقتدار کی ہوس اتنی زیادہ ہے کہ اتنی بڑی باتیں کرگئے کہ نقصان پاکستان کو پہنچے گا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نے کہا اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کئے تو پاکستان تین ٹکڑے ہوجائیگا، پاک فوج تباہ ہوجائیگی، ایوان عمران نیازی کے بیان کی مذمت کرتا ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کی دفاع کے لئے ناقابل تسخیر خدمات ہیں، پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف عظیم قربانیاں دیں جسے ایوان خراج تحسین پیش کرتا ہے۔