ایف آئی اے نے مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر لیا

ایف آئی اے نے مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر لیا
وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے منی لانڈرنگ کیس میں مونس الٰہی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے اہم شواہد اور ثبوت ملنے کے بعد چوہدری مونس الٰہی کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کیخلاف تحقیقات کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس حوالے سے ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ مونس الہیٰ پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے سنگین الزامات ہیں ، اس اہم کیس میں پنجاب اسمبلی کے سیکرٹری محمد خان بھٹی کے دو قریبی ساتھیوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جن کے نام مظہر عباس اور نواز بھٹی بتائے جا رہے ہیں ، دونوں ملزموں کیخلاف کیس درج کرکے تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار شخص نواز بھٹی پنجاب اسمبلی میں نائب قاصد تھا ، ایف آئی اے نے جب شوگر ملز کے معاملے پر اپنی تفتیش شروع کی تھی تو اس میں بھی اس کا نام آیا تھا ، مظہر عباس نامی ملزم الائیڈ شوگر ملز گروپ میں 35 فیصد جب کہ نواز بھٹی 31 فیصد شئیرز کا مالک تھا ، یہ شوگر مل رحیم یار خان میں قائم ہے۔

طرف منی لانڈرنگ کی تحقیقات پر مونس الٰہی کا ردعمل سامنے آگیا ، سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ کا کہنا ہے کہ میرے تمام اثاثے ڈکلیئر اور فائل کیے ہوئے ہیں ، اپنے خلاف مقدمات کا سامناکروں گا ، خود پر لگے الزامات کی تفصیلات کا ابھی علم نہیں ہے لیکن اس طرح کےکیسز پہلی بار ہمارے خاندان پر نہیں بنے، ماضی میں بھی ہمارےخاندان کے خلاف انتقامی کارروائیاں ہوتی رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان احمقوں سے کہتا ہوں میرا سب کچھ ڈکلیئر ہے، میرے تمام اثاثے ڈکلیئر اور فائل کیے ہوئے ہیں، اپنے خلاف مقدمات کا سامناکروں گا۔مونس الہی نے کہا کہ ہمارے خاندان کے تمام افراد پر بھی مقدمات بنالیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

مجھےکہا گیا کوئی بات نہیں آپ سے غلطی ہوگئی واپس آجاؤ، ہمیں وزارتیں دینےکی بھی لالچ دی گئی، کہا گیا عمران خان کی حمایت ختم کردیں پرویز الٰہی کو وزیراعلٰی بنادیں گے۔

مونس الٰہی نے کہا کہ ان پر بجٹ کا دباؤ ہے اور بندے پورے نہیں ہورہے، یہ چاہتے ہیں کہ دباؤ ڈال کر بجٹ منظور کروائیں، یہ چاہےکتنے بھی کیسز بنالیں عمران خان کا ساتھ دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے، اب چاہے ہزار مقدمات بھی بنالیں تو بھی عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ لالچ اور دیگر حربے ناکام ہوگئے تو اب یہ انتقامی کارروائیوں پر اتر آئے ہیں، ہماری پارٹی کےتمام لوگ متفق ہیں کہ خان صاحب کے ساتھ کھڑے رہنا ہے، پنجاب کے بجٹ اجلاس سے متعلق تمام چیزیں آج رات فائنل کرلیں گے۔