بشریٰ بی بی کے بھائی پر کرپشن کا الزام، عدالت نے تفتیش مکمل ہونے تک تادیبی کارروائی سے روک دیا

بشریٰ بی بی کے بھائی پر کرپشن کا الزام، عدالت نے تفتیش مکمل ہونے تک تادیبی کارروائی سے روک دیا
لاہور ہائیکورٹ نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے بھائی احمد مجتبیٰ کیخلاف کیس میں تفتیش مکمل ہونے تک اینٹی کرپشن کو تادیبی کاررواٸی سے روک دیا ہے۔

تفصیل کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے بھائی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شان گل نے درخواست پر سماعت کی۔ معزز جج نے حکم دیا کہ ملزم جا کر اینٹی کرپشن کی تفتیش میں شامل ہو۔

جسٹس شان گل نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ اگر تفتیش میں بے گناہ ثابت ہوتا ہے تو پھر کارروائی کا جواز نہیں رہے گا۔ تاہم اگر تفتیش کا نتیجہ خلاف آیا تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ عدالت نے احمد مجتبیٰ کی درخواست نمٹا دی۔

خیال رہے کہ بشریٰ بی بی کے بھائی نے اینٹی کرپشن کی جانب سے طلبی کے نوٹس کو چیلنج کر رکھا تھا۔ احمد مجتبیٰ کو اینٹی کرپشن نے 13 جولاٸی کو طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔

احمد مجتبیٰ کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ کبھی پبلک آفس ہولڈر نہیں رہا۔ مجھے سیاسی بنیادوں پر مقدمہ میں ملوث کیا گیا۔ سابق خاتون اول کا بھائی ہونے کی وجہ سے انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے گرد گھیرا تنگ، بھائی احمد مجتبیٰ اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے

خیال رہے کہ بشریٰ بی بی کے بھائی احمد مجتبیٰ مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ سرکاری اراضی پر قبضے کے الزام میں اینٹی کرپشن نے ان کو طلب کر لیا ہے۔

اینٹی کرپشن نے بشریٰ بی بی کے بھائی کو تحقیقات کیلئے 6 جولائی کو طلب کیا تھا۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ احمد مجتبیٰ نے چیئرمین مارکیٹ کمیٹی دیپالپور کے ذریعے سرکاری زمین پر قبضہ کرایا۔ حکام کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ دیپالور میں سرکاری جگہ پر قبضہ کرا کے دکانیں تعمیر کی گئی تھیں۔