عمران خان نے امریکا سے تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے: بلاول

عمران خان نے امریکا سے تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے: بلاول
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خارجہ پالیسی سے متعلق سابق وزیراعظم عمران خان کے دعوے مسترد کر دیے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے تاشقند میں موجود وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے صحافی نے پوچھا کہ عمران خان اتحادی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ امریکا سے خارجہ پالیسی کمزور ہوئی ہے، آپ کیا جواب دیں گے؟

صحافی کے سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کے دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں ہے، اپنے لوگوں کے لیے اقتصادی مواقع تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، امریکا سمیت تمام ممالک کے ساتھ معاشی تعلقات کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان حکومت میں تھے تو انہوں نے امریکا سے تعلقات بنانے کی کوشش کی، عمران خان تعلقات بہتر بنانے میں ناکام رہے تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے۔

ادھر پاکستانی اور بھارتی وزرائے خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس اور اس کی دیگر تقریبات میں ایک ساتھ شرکت کی لیکن ایک دوسرے سے بات چیت سے گریز کیا۔

ایک موقع پر دونوں وزرائے خارجہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کی مشترکہ ملاقات کا انتظار کر رہے تھے، اس غیر رسمی ماحول میں بھی دونوں وزرائے خارجہ ایک دوسرے سے دور بیٹھ گئے۔

جوہری ہتھیاروں سے لیس ان دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات طویل عرصے سے تلخ رہے ہیں، بی جے پی حکومت کی جانب سے 2019 میں بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی خود مختار حیثیت کو منسوخ کرنے کے بعد پاکستان نے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات کم کر دیے۔