ممنوعہ فنڈنگ کیس، اکبر ایس بابر کا پی ٹی آئی کی اپیل میں فریق بننے کا فیصلہ

ممنوعہ فنڈنگ کیس، اکبر ایس بابر کا پی ٹی آئی کی اپیل میں فریق بننے کا فیصلہ
اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کی اپیل میں فریق بننے کا فیصلہ کر لیا۔

اکبر ایس بابر نے اپیل میں فریق بننے کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی، ہائیکورٹ نے تین رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا تھا جوکہ کل پی ٹی آئی کی اپیل پر سماعت کرے گا۔

اس سے قبل، وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کا دائرہ کار بیرون ممالک تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایف آئی اے نے امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک سے پی ٹی آئی کو ہونے والی فنڈنگ کے بارے میں متعلقہ تحقیقاتی اداروں کے ذریعے بھی وہاں کی کمپنیز و شخصیات کے بارے میں معلومات جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سینئر آفیسر کا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہنا تھا کہ امریکی ایف بی آئی سمیت برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی اور دیگر ممالک کے ایسے اداروں سے مدد کے لیے رجوع کیا جا رہا ہے۔

تحقیقات ابھی ریکارڈ اور اکاؤنٹس اکھٹے کرکے معلومات کو یکجا کرنے کے مرحلے میں ہیں جنہیں یکسو کرکے آگئے بڑھایا جا رہا ہے۔