شہباز گل کے مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور

شہباز گل کے مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شہباز گل کے مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی نظرثانی درخواست منظور کر لی۔

ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے پولیس کی نظرثانی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ عدالتی فیصلے کے بعد پی ٹی آئی رہنما شہباز گل دوبارہ دو روز کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ مطمئن ہیں شہباز گل سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی اس لیے کیس کی تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید 48 گھنٹوں کے لیے شہباز گل کو پولیس کے حوالے کیا جائے۔

شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے کے خلاف نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی جبکہ شہباز گل کے وکلاء سلمان صفدر اور فیصل چوہدری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

پولیس کے تفتیشی افسر نے ریکارڈ عدالت کے سامنے پیش کیا جس کے بعد دلائل کا آغاز ہوا۔ دوران دلائل ‏ شہباز گل کے وکیل سلمان صفدر نے جنرل مرزا اسلم بیگ اور ایئر چیف مارشل اصغر خان کیس کا حوالہ دیا۔

اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اور شہباز گل کے وکلاء نے اپنے دلائل مکمل کیے جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج کو جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی درخواست دوبارہ سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔