ڈالر اور روپے کی قدر میں توازن پیدا کرنے کی کوشش کریں گے: اسحاق ڈار

ڈالر اور روپے کی قدر میں توازن پیدا کرنے کی کوشش کریں گے: اسحاق ڈار
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ڈالر کی قیمت میں اضافے کا ملبہ گزشتہ حکومت پر ڈالتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت نے ڈالر کو آزاد چھوڑ کر ملکی معیشت کا بیڑا غرق کیا۔ ڈالر کو 200 روپے سے نیچے لا کر ڈالر اور روپے کی قدر میں توازن پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دبئی میں مسلم لیگ ن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گزشتہ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ 4 سال میں تحریک انصاف حکومت نے معیشت تباہ کر دی ، پاکستان سنگاپور کے بجائے سری لنکا بننے کے قریب پہنچ گیا تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت نے ڈالر کو آزاد چھوڑ کر ملکی معیشت کو تباہ کیا۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ملکی قرضے میں 4 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہو گیا تھا۔
وزیر خزانہ نے ملکی کرنسی کی قدر پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ڈالر کو 200 روپے سے نیچے لا کر ڈالر اور روپے کی قدر میں توازن پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہماری حکومت کا عزم ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کو بہتر کریں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ریاست بچانے کے لیے حکومت کی تبدیلی کا فیصلہ کیاگیا۔عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی فیول کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ کا مزیدکہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف معیشت کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے معاشی اصلاحات پر عمل کر رہے ہیں۔ آئی ایم ایف پروگرام پورا کریں گے- موجودہ مالی سال 32 سے 34 ارب ڈالرزکی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ یہ رقم جمع کر لی جائےگی۔