پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے گئے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلامیے کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق سپیکر اسد قیصر نے پروڈکشن آرڈر قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریق کار کے تحت جاری کئے۔ اس سے قبل علی وزیر کے پروڈکشن آرڈرز حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔
رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کی جانب سے سردار شہباز کھوسہ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد میں ایک ایک ووٹ قیمتی ہے۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ تحریکِ عدم اعتماد کے لیے ووٹ ڈالنا علی وزیر کا آئینی حق ہے، ووٹ ڈالنے کے آئینی حق سے کسی کو روکا نہیں جا سکتا۔ محسن داوڑ کی درخواست میں سپیکر قومی اسمبلی اور سینٹرل جیل کراچی کی انتظامیہ کو فریق بنایا گیا۔