جس دن باپ پارٹی نے ساتھ چھوڑا تب سمجھ گیا باپ کا باپ ہمارے ساتھ نہیں، شیخ رشید

08:01 AM, 1 Jun, 2022

نیا دور
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جس دن باپ پارٹی نے ساتھ چھوڑا اس دن سمجھ گیا کہ باپ کا باپ ہمارے ساتھ نہیں ہے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان آخر دن تک سمجھتے رہے کہ تحریک عدم اعتماد نہیں آرہی۔

جیو نیوز پروگرام آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جس رات ایم کیو ایم اور باپ پارٹی تحریک انصاف کو چھوڑ کر چلی گئی تومیں سمجھ گیا تھا کہ باپ کا باپ ہمارے ساتھ نہیں ہے اور ہم جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جا رہی ہے، دنیا کی کوئی طاقت اس کو نہیں بچا سکتی ، قلندر آئیں گے اور یہ لوگ اندر جائیں گے ، چلمن کے پیچھے بہت کچھ ہو رہا ہے کیوں کہ ادارے بھولتے نہیں ہیں لوگ آتے ہیں چلے جاتے ہیں۔

https://twitter.com/shazbkhanzdaGEO/status/1531700802716413952

انہوں نے الزام عائد کیا کہ رانا ثنا اللہ اجرتی قاتل ہیں ، تحریک انصاف بابو اور کمپیوٹر موبائل پارٹی تھی، اب جرات والی پارٹی بنی ہے تاہم عمران خان کو سپریم کورٹ کا حکم ماننا چاہیے تھا، عدالت نے احتجاج کے لیے جو جگہ مختص کی تھی وہاں احتجاج کرنا چاہیے تھا۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ باس کے گھر جا سکتا ہوں لیکن عمران خان نے منع کیا ہوا ہے ، شہبازشریف کو غصے میں لانے والے اب اس کو بھگتیں، اگر لانا ہی تھا تو خواجہ آصف یا احسن اقبال کو لے آتے۔

علاوہ ازیں سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ بجٹ دینا کمال نہیں ، بجٹ کوئی اور بھی دے سکتاہے ، بجٹ موجود ہ یا دوسری حکومت پیش کرے گی سب معاملات زیرغور ہیں ، عدلیہ سمیت تمام ادارے ملکی سالمیت کےساتھ ہیں ، سب مل کر اچھا حل تلاش کریں گے اور ملک کو آگے لے کر جائیں گے ، اللہ کو منظورہواتو وقت سے پہلے الیکشن ہوں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایک ووٹ کی اکثریت صرف غلامی کے سامراجی فیصلوں پر عمل در امد کے لیے دی گئی‘ یہ حکومت 22 کروڑ لوگوں کی ترجمان نہیں‘ عنقریب وہ وقت آئے گا جب صدر ان سے اعتماد کے ووٹ کے لیے کہے گا اور ایک ووٹ کی اکثریت پر قائم حکومت کسی وقت بھی دھڑم سے گرجائے گی ۔
مزیدخبریں