پولیس کے ہاتھوں اسامہ ستی کا قتل: آئی جی اسلام آباد تبدیل

12:54 PM, 6 Jan, 2021

نیا دور
اسامہ  ستی کے قتل کے بعد  ہونے والی مسلسل تنقید آئی جی اسلام آباد کی تبدیلی پر منتج ہوئی ہے جس کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

قاضی جمیل الرحمان آئی جی اسلام آباد تعینات کردئیے گئے ہیں۔قاضی جمیل الرحمان خیبرپختون خوا پولیس میں تعینات تھے اور انھیں فوری طور پر اسلام آباد طلب کرلیا گیا ہے۔

نوٹی فیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ قاضی جمیل الرحمان گریڈ 20 کے افسر ہیں اور ان کی تعیناتی غیرمعینہ مدت کے لیے کی گئی ہے۔اسلام آباد میں  اسامہ ستی کا پولیس کے ہاتھوں قتل کے بعد شدید تنقید کی جارہی تھی۔

آج اسامہ قتل کیس کی سماعت  کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر سے مکالمہ کیا کہ اصل تصویر نہیں بنائی اس کا مطلب کہ تم ملزمان سے ملے ہوئے ہو؟

عدالت نے ملزمان کو روسٹرم پر طلب کیا اور پوچھا کہ بتائیں کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا؟ اس پر ایک ملزم نے بیان دیتے ہوئے  کہا کہ اےایس آئی سلیم شمس کالونی نے کال چلائی کہ ڈکیتی ہوئی ہے، کہا گیا سری نگر ہائی وے پر آجائیں، سفید کلر کی ایک گاڑی ہے،کہا گیا گاڑی میں 4 لوگ سوار ہیں، ہر صورت گاڑی کو روکنا ہے۔ پولیس اہلکاروں نے اعتراف کیا کہ ان سے  فائر کرنے میں غلطی ہوئی۔


 
مزیدخبریں