نواز شریف کا باہر جانا زیادتی ہوگی، فواد چوہدری

نواز شریف کا باہر جانا زیادتی ہوگی، فواد چوہدری
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نواز شریف کو باہر بھیجنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم پر پیسوں کا جو الزام تھا، بہتر تھا وہ پلی بارگین کر کے جاتے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف کیس بنا، سزا بھی ہوئی، اس کے باوجود وہ ایک روپیہ بھی دیے بغیر باہر جا رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ جب سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف صاحب کا دور تھا، اس وقت بھی انہوں نے آخر تک کہا تھا کہ کوئی ڈیل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف دور سے لے کر اب تک نواز لیگ کا این آر او لینے کا بیک گراونڈ ہے اور وہی تاثر ابھی بھی قائم ہے۔

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سمری کابینہ کو موصول نہیں ہوئی ، نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے کابینہ کی منظوری درکار ہے، ابھی تک ایسی سمری کابینہ کے ایجنڈے میں شامل نہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ متعدد وفاقی وزرا نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی ہے ، میری ذاتی رائے یہی ہے کہ نواز شریف کا باہر جانا زیادتی ہوگی، ای سی ایل سے نام نکالنے کے لئے سب کا حامی ہونا مشکل ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا نوازشریف اتنے مصروف رہے کہ اپنے علاج کے لئے ایک ہسپتال بھی نہ بنا سکے، ن لیگ کا بیانیہ ہے نواز شریف کو باہر بھیجا جائے، ن لیگ ایسا اسپتال نہیں بنا سکی، جس میں نوازشریف کا علاج ہوسکے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چودھری صاحب جیسے کرائے پر دستیاب لوٹے قوم سے معافی مانگیں،لوٹے جس تھالی میں کھاتے ہیں ا±سی میں سوراخ کرتے ہیں،فواد چودھری نے نواز شریف کی دشمنی میں نہیں بلکہ عمران خان کی دشمنی میں بیان دیا ہے ،فواد چودھری کو نواز شریف کی صحت پہ سیاست کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔