امریکی خاتون سنتھیا رچی نے پی پی رہنما رحمان ملک کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی اپیل کی ہے تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ انہوں نے اس بارے میں باقاعدہ درخواست دی ہے یا نہیں۔
اس حوالے سے ایک دستاویز میں کہا گیا ہے کہ معاملہ حل ہونے تک رحمان ملک کا نام ای سی ایل میں ڈالاجائے اور انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ کہیں نہیں جا رہیں۔
اس قبل رحمان ملک نے سنتھیا رچی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ رحمان ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے جب کہ سنتھیا رچی نے یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔
خیال رہے کہ سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام لگایا ہے۔
پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھیا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کر لیا ہے۔