پاکستان میں مقامی طور پر خطرناک کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا

پاکستان میں مقامی طور پر خطرناک کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا
دنیا بھر کو متاثر کرنے والی عالمی وبا پاکستان میں بھی پھیلتی جارہی ہے اور اس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ کا دارالحکومت کراچی متاثر ہو رہا ہے اور یہاں ایک اور نئے کیس کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق 52 سالہ شخص 2 روز قبل اسلام آباد سے کراچی پہنچا تھا جس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔



صوبائی محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس کا شکار مریضوں کی مجموعی تعداد 15 ہو گئی ہے جس میں سے 14 کیسز کراچی جبکہ ایک حیدرآباد میں سامنے آیا۔

ادھر وزیر صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے تصدیق کی کہ کراچی میں سامنے آنے والا نیا کیس مقامی طور پر منتقلی کا ہے کیوں کہ مریض نے بیرونِ ملک کوئی سفر نہیں کیا۔

اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ سندھ کے مجموعی کیسز میں سے 2 مریض اب تک صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ باقی 13 کی حالت مستحکم ہے۔ محکمہ صحت نے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ سندھ بھر میں مجموعی طور پر 251 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 15 مثبت جبکہ 236 منفی آئے۔



خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 22 ہے جس میں کراچی کے بعد سب سے زیادہ مریضوں کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال اور نئے کیسز کی تعداد جاننے کے لیے ایک خصوصی پورٹل کا اجرا بھی کردیا گیا ہے۔