Get Alerts

’جیل میں پوچھا جاتا ہے، آپ سیاست چھوڑ کیوں نہیں دیتی؟‘

’جیل میں پوچھا جاتا ہے، آپ سیاست چھوڑ کیوں نہیں دیتی؟‘
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما محمد زبیر کے مطابق پارٹی کی مرکزی نائب صدر مریم نواز سے جیل میں غیرمتعلقہ سوال کیے جا رہے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام’ ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نوازشریف کی صاحبزادی سے قید کے دوران صرف سیاسی سوالات پوچھے جارہے ہیں۔

ن لیگی رہنما کے مطابق 42 دن قید کے دوران پوچھا گیا کہ آپ سیاست چھوڑ کیوں نہیں دیتی، آپ سیاست میں کیوں ہیں۔

محمد زبیر نے بتایا کہ مریم نواز پر جو الزام لگائے گئے اس کے متعلق ایک بھی سوال نہیں پوچھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی سے بھی اسی قسم کی تفتیش ہو رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت سمیت سب مانتے ہیں کہ احتساب ہونا چاہیے لیکن سیاسی انتقام کا تاثر بھی نہیں دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب قانون سے بالاتر نہیں ہے، اس ادارے کو بھی قوانین کی پاسداری کرنی ہوگی، اگر آپ گرفتار کرتے ہیں تو الزامات بھی ثابت کرنے ہوں گے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ سب مانتے ہیں کہ نیب کا قانون ٹھیک ہونا چاہیے لیکن ڈیڑھ سال سے اسکے اطلاق کا بھی مسئلہ بنا ہوا۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ نیب اپنی حدود پامال کر رہا ہے، کابینہ نے اعتراف کیا ہے نیب کی وجہ سے معیشت سکڑ چکی ہے اور بیوروکریٹس فیصلہ نہیں کر رہے۔