نوازشریف کے بیرون ملک جانے پر معروف شیف گلزار حسین دلبرداشتہ، اپنے سر پر جوتے برسا دیے

نوازشریف کے بیرون ملک جانے پر معروف شیف گلزار حسین دلبرداشتہ، اپنے سر پر جوتے برسا دیے
سابق وزیراعظم اور سزا یافتہ مجرم میاں محمد نوازشریف کے بیرون ملک جانے پر پاکستان کے معروف شیف گلزار حسین نے دلبرداشتہ ہو کر اپنے ہی سر پر جوتے برسانا شروع کر دیے۔

سوشل میڈیا پر معروف پاکستانی شیف گلزار حسین کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اپنے سر پر جوتے مار رہے ہیں۔ ویڈیو کے شروع میں گلزار حسین نے نواز شریف کے بیرون ملک جانے پر انہیں مبارک باد دی اور پھر احتجاجاَ اپنے سر پر جوتے برسانا شروع کر دیے۔



واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف لاہور ہائی کورٹ کے اجازت کے بعد اپنے علاج کی غرض سے چار ہفتوں کے لیے لندن پہنچ گئے ہیں۔ نواز شریف کے ساتھ ان کے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان موجود ہیں۔

نواز شریف چوہدری شوگر ملز کیس میں نیب کے زیرحراست تھے جب انہیں پلیٹلیٹس کی کمی کے باعث ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے پینل نے اُن کا تفصیلی معائنہ کیا۔ بعدازاں نوازشریف کی تشویشناک حالت کے باعث حکومت نے انہیں بیرون ملک علاج کی اجازت دینے کی پیشکش کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد نواز شریف علاج کے لیے لندن روانہ ہوئے۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے گذشتہ سال 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال قید بامشقت اور 80 لاکھ برطانوی پاؤنڈ جرمانہ، مریم نواز کو 7 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ جبکہ داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اسی طرح گذشتہ سال 24 دسمبر کو احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا محفوظ کیا گیا مختصر فیصلہ سنایا، جس میں عدالت نے نوازشریف کو فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں بری کرتے ہوئے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید جب کہ ڈیڑھ ارب روپے اور 25 ملین ڈالر جرمانے کی سزا کا حکم سنایا تھا۔