مسلم لیگ ن ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو 10 ہزار حفاظتی کٹس مہیا کرے گی،شہباز شریف

مسلم لیگ ن ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو 10 ہزار حفاظتی کٹس مہیا کرے گی،شہباز شریف
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک و قوم کو ایک ابتلا کا سامنا ہے جسکا قومی کوششوں سے ہی مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مسلم لیگ ن ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو دس ہزار حفاظتی کٹس مہیا کرے گی۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کیخلاف حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ذاتی پسند سے بالا تر ہوکر مسئلے پرمتحد ہونے کی ضرورت ہے، سیاسی آمیزش کے بغیر ہمیں بات کرنی ہوگی اور حکومت کے اچھے اقدامات کو سراہنا ہوگا۔

انہوں نے اس موقع پر حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شرح سود کو فوری طور پر 3 سے 4 فیصد کم کرے جس سے حکومت کو 80ارب کی بچت ہوگی جو عوام پر خرچ کی جا سکے گی۔ وزیراعظم فوری طور پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کریں اور چاروں وزرائے اعلیٰ کو ساتھ لے کر چلیں۔ انکا کہنا تھا کہ وینٹی لیٹرز سمیت جن آلات کی کمی ہے انہیں فوری طور پر بیرون ملک سے منگوایا جائے۔پیٹرول 70 روپے فی لٹر سستا ہو اور کم بلوں والے صارفین کے بلوں کو اقساط میں وصول کیا جائے۔

شہبازشریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں نے فوری طور پہ لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا جس پر حکومت نے فی الفور عملدرآمد نہ کیا اور یہ معاملہ تعطل کا شکار ہوا، تفتان کے حوالے سے حکومت کی غفلت اور بڑی غلطی سامنے آئی ہے، اگر فوری طور پر سنجیدگی سے انتظامات کیے ہوتے تو یہ صورتحال نہ ہوتی، اب ہمیں اس پر قابو پانے کیلیے آگے بڑھنا ہوگا، مسلم لیگ ن 10 ہزار حفاظتی کٹس ڈاکٹرز کو مہیا کرے گی۔