'اظہر مشوانی جبری گمشدگی کا شکار ہیں، کوئی اگر مگر قابل قبول نہیں'

05:01 PM, 25 Mar, 2023

نیا دور
اظہر مشوانی اور پی ٹی آئی کے دیگر لوگ 'نیا دور' کے خلاف منظم مہم چلاتے رہے ہیں، ہم پر الزام لگاتے رہے ہیں کہ ہمیں یورپی یونین سے پیسے ملتے ہیں، مجھ پر ذاتی طور پر بھی حملے کیے گئے۔ مگر اس سب کے باوجود میں ان کو غائب کیے جانے کی مذمت کرتا ہوں۔ وہ جبری گمشدگی کا شکار ہیں، کوئی اگر مگر قابل قبول نہیں۔ جن لوگوں نے بھی اسے اٹھایا ہے میں ان سے کہوں گا کہ انہیں فوری طور پر رہا کریں۔ یہ کہنا ہے رضا رومی کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبر سے آگے' میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ کنٹینر لگا کر سڑکیں بند کرنا اور کارکنوں کو جلسے میں شرکت سے روکنا ملکی قانون کے خلاف ہے، اس طرح کی سرگرمیاں درست نہیں ہیں۔ عمران خان کے دور میں بے شمار لوگ غائب ہوئے، بہت سارے لوگ ابھی بھی ان جھوٹے مقدموں میں جیل کے اندر ہیں جو پی ٹی آئی حکومت کے دور میں بنے تھے۔ اظہر مشوانی جیسے لوگوں نے نجم سیٹھی، رضا رومی اور میرے خلاف بھی نام لے کر مہم چلائی۔

مزمل سہروردی نے کہا کہ بم پروف گاڑی اور بم پروف کنٹینر کے ذریعے عمران خان خود یہ ظاہر کر رہے ہیں ان کی جان کو شدید خطرہ ہے تو میں حکومت کو حق بجانب سمجھتا ہوں کہ گاڑیوں کو روکے اور ان کی سکیورٹی کو یقینی بنائے۔ عمران خان نے زمان پارک میں ڈیرہ نہیں بلکہ نو گو ایریا بنا رکھا ہے۔ عمران خان سیاسی جدوجہد نہیں کر رہے، یہ سیاسی دہشت گردی ہے جس کا نگران حکومت اور پولیس کو سامنا ہے۔ ایسی جماعت کے ساتھ ویسے ہی نمٹا جانا چاہئیے جیسے سیاسی دہشت گردوں کے ساتھ نمٹا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کو 11 ماہ ہو گئے، اس حکومت میں بندے غائب کرنے کی روایت ختم ہو گئی۔ اب پرچے درج کر کے بندوں کو 24 گھنٹے میں پیش کر دیا جاتا ہے۔ حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ اظہر مشوانی کو حکومت نے اٹھایا ہے، پی ٹی آئی کے اندر بھی باتیں ہو رہی ہیں کہ اظہر مشوانی نے کچھ ایسی خبریں کنفرم کی ہیں جو انہیں نہیں کرنی چاہئیں تھیں۔ ہو سکتا ہے پی ٹی آئی کی اندرونی لڑائی کے نتیجے میں انہیں غائب کیا گیا ہو۔ عمران خان کے مینار پاکستان جلسے کے لئے پورے لاہور سے پانچ ہزار کا بھی جلوس نہیں نکلا، اگر بڑی تعداد میں لاہور کے لوگ نکل آئیں تو کنٹینر ان کے سامنے نہیں کھڑے رہ سکیں گے۔

رپورٹر شہباز میاں نے کہا کہ حکومت جو اقدامات کر رہی ہے ان کا مقصد سکیورٹی کو یقینی بنانا نہیں بلکہ شرکا کو روکنا ہے۔ یہ وہی ہتھکنڈے ہیں جو 25 مئی کے دھرنے کو روکنے میں استعمال کیے گئے تھے۔ نگران حکومت کا یہ مینڈیٹ ہی نہیں ہے۔ اگر نگران حکومت یہ سب کچھ کر رہی ہے تو اسے تسلیم کر لینا چاہئیے کہ وہ پی ڈی ایم حکومت کی بی ٹیم ہے۔ مار دھاڑ سے، پرچے کاٹنے سے آپ نے پی ٹی آئی کے کارکن کی کپیسٹی بلڈنگ کر دی ہے، اسے سخت جان بنا دیا ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی چھاپے مار کر پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔ کوششیں یہی ہو رہی ہیں کہ اس سال الیکشن نہیں کروانے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 کے انتخابات سے پہلے جب اوسطاً دو تین بم دھماکے روزانہ کی بنیاد پر ہو رہے تھے، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے اغوا ہو گئے تب بھی الیکشن کروائے گئے تھے۔ اگر پی ڈی ایم نے انتخابات نہیں کروانے تو پھر ضیاء الحق کے خلاف کیوں تحریکیں چلاتے رہے، جنرل مشرف کے خلاف کیوں احتجاج کرتے رہے؟ موجودہ حکومت اور ڈکٹیٹرشپ میں کیا فرق رہ جاتا ہے۔ ہم سیاسی جدوجہد کے ساتھ ہیں لیکن اگر کوئی قانون کے خلاف جاتا ہے تو ہم اس کی مذمت کریں گے۔

پروگرام 'خبر سے آگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔
مزیدخبریں