بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو قتل کرنے کی کوشش، شارپ شوٹر کی گھر کے باہر ریکی

بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو قتل کرنے کی کوشش، شارپ شوٹر کی گھر کے باہر ریکی
لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے سلمان خان کو قتل کرنے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک شارپ شوٹر کو بالی ووڈ ایکٹر کو مارنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ اس نے ہاکی کیس میں گن کو چھپایا ہوا تھا۔

تفصیل کے مطابق انڈین میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے سلمان خان کو جان سے مارنے کی کوشش کی گئی لیکن بروقت مخبری کی وجہ سے وہ بال بال بچ گئے۔

ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے سلمان خان کی سیکیورٹی بڑھا دی ہے، پولیس انکے اپارٹمنٹ کے ارد گرد موجود رہے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ کوئی مجرم یہاں داخل نہ ہوسکے۔

خیال رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد ممبئی پولیس نے گذشتہ دنوں سلمان خان کی سیکیورٹی بڑھا دی تھی، کیونکہ اس کیس میں جس گروہ کا نام آیا تھا اس نے سلمان خان کو 2008ء میں جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔

گذشتہ دنوں سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو نامعلوم شخص کی جانب سے دھمکی آمیز خط ملا ہے جس میں ان کا حشر سدھو موسے والا جیسا کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔

ممبئی کے علاقے باندرہ پولیس سٹیشن میں سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو دھمکی آمیز خط بھجوانے پر نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

دھمکی آمیز خط سلیم خان کے گارڈ کو اس جگہ سے ملا جہاں وہ صبح کی سیر کے بعد بیٹھتے تھے، خط میں سلمان اور سلیم خان کو سدھو موسے والا جیسی حالت کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

اب خبریں ہیں کہ ایک شارپ شوٹر سلمان خان کو ان کے گھر کے باہر قتل کرنے کے لئے کچھ ہی فاصلے پر موجود تھا، لیکن اداکار کو مخبری ہونے وجہ سے بچا لیا گیا ہے۔

اس شارپ شوٹر کو پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل سے منسلک لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے بھیجے گئے بندے نے ہاکی کیس میں گن چھپا رکھی تھی۔

لارنس بشنوئی کی جانب سے مبینہ طور پر شارپ شوٹر کو سلمان خان کے قتل کے لیے اِن کی رہائش گاہ کے باہر تعینات کیا گیا تھا۔

اس نے سلمان خان کے گھر کے باہر کی ریکی کی تھی۔ ریکی کے دوران شوٹر نے معلومات حاصل کیں کہ سلمان خان جب صبح سائیکل چلانے کے لیے گھر سے باہر جاتے ہیں تو اُن کے ساتھ سیکیورٹی گارڈز نہیں ہوتے۔