لاڑکانہ ضمنی انتخابات: ''مولانا فضل الرحمان کی جماعت، پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت کر رہی ہے''

لاڑکانہ ضمنی انتخابات: ''مولانا فضل الرحمان کی جماعت، پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت کر رہی ہے''
حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کرنے والے مولانا فضل الرحمان کی جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) پر سندھ کے جیالے نے پی ٹی آئی کی حمایت کا الزام لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے یہ سوال کرنے کی جسارت کر رہا ہوں کہ آپ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں یا اس کے خلاف؟

پاکستان پیپلزپارٹی نے جمعیت علمائے اسلام سے لاڑکانہ میں سندھ اسمبلی کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کرنے پر وضاحت مانگ لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ میں پیپلزپارٹی کے صدر نثار کھوڑو نے ایک پیغام کے ذریعے وفاق میں پی ٹی آئی کی مخالفت اور صوبے میں حمایت پر جے یو آئی کی پالیسی پر حیرانی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ پالیسی مولانا فضل الرحمان کی شخصیت سے مطابقت نہیں رکھتی۔

انہوں نے لاڑکانہ کے حلقہ پی ایس 11 سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے ساتھ جے یو آئی (ف) سندھ کے اتحاد کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ میں مولانا فضل الرحمان سے یہ سوال کرنے کی جسارت کر رہا ہوں کہ آپ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں یا اس کے خلاف؟

واضح رہے کہ لاڑکانہ کے اس حلقے میں 17 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہونا ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ یہ جے یو آئی (ف) کی دہری پالیسی ہے کہ وہ مرکز میں پی ٹی آئی کے مخالف ہیں اور سندھ میں ان کے اتحادی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی دہری پالیسی پر پی پی پی جیالے کو غصہ اور مایوسی ہے۔