برطانیہ: کنٹینر سے 39 افراد کی لاشیں برآمد، مشتبہ شخص گرفتار

برطانیہ: کنٹینر سے 39 افراد کی لاشیں برآمد، مشتبہ شخص گرفتار
برطانیہ کی پولیس نے لندن کے مشرقی علاقے میں واقع انڈسٹریل اسٹیٹ سے 39 افراد کی لاشیں برآمد کرنے کے بعد ایک مشتبہ شخص کوحراست میں لے لیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایسٹرن ایوینیو کے واٹر گلیڈ پارک کے پاس کنٹینر سے ملنے والی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک بلغاریہ سے روانہ ہوا اور ویلز کے علاقے ہولی ہیڈ کے ذریعے برطانیہ میں داخل ہوا۔

برطانوی پولیس کے چیف سپرنٹنڈنٹ اینڈریو مارینر نے کہا ہے کہ ہم متاثرین کی شناخت کر رہے ہیں تاہم یہ عمل طویل ہوسکتا ہے۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق پولیس نے شمالی آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے جو تحقیقات مکمل ہونے تک پولیس کی تحویل میں رہے گا۔