آزادی مارچ کا آغاز، مولانا فضل الرحمان کنٹینر پر پہنچ گئے

آزادی مارچ کا آغاز، مولانا فضل الرحمان کنٹینر پر پہنچ گئے
جمعیت علمائے اسلام (ف) آج اپنے آزادی مارچ کا آغاز کر رہی ہے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اعلان کردہ آزادی مارچ کی حمایت حزب اختلاف کی بڑی جماعتیں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کر رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں، جس کا باقاعدہ آغاز آج ٹول پلازہ کراچی سے ہو گا۔ سہراب گوٹھ میں افتتاحی جلسے سے خطاب کے لئے پیپلز پارٹی سے رضا ربانی، جمعیت علما اسلام پاکستان نورانی گروپ کے اویس نورانی، عوامی نیشنل پارٹی کے شاہی سید اور دیگر قائدین سٹیج پر پہنچ گئے ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان بھی جلسے کے لئے کنٹینر پر موجود ہیں۔



گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اعلان کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ جہاں جہاں سے گزرے گا وہاں پر پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما ان کا استقبال کریں گے۔

آزادی مارچ حیدرآباد، سکھر، گھوٹکی سے ہوتا ہوا پنجاب میں داخل ہو گا۔ قافلہ فورٹ منرو کے پہاڑی سلسلوں سے گزرتا ہوا ڈیرہ غازی خان، ملتان اور پھر بذریعہ لاہور، اسلام آباد پہنچے گا۔