بڑی خوشخبری: پاکستان پیٹرولیم نے صوبہ سندھ اور بلوچستان میں گیس کے 2 نئے ذخائر دریافت کر لیے

پی پی ایل نے صوبہ سندھ اور بلوچستان میں گیس کے 2 نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کیے گئے نوٹس میں لطیف ایکسپلوریشن لائسنس کے جوائنٹ وینچر پارٹنرز کی جانب سے صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں لطیف بلاک میں بٹرو-ون کنویں میں ہائیڈروکاربن کی دریافت سے آگاہ کیا گیا ہے۔

پی ایس ایکس کو ارسال کیا گیا دوسرا نوٹس مرگند بلاک ( 4-2866) کے کنویں مرگند ایکس –ون میں ہائیڈروکاربن کی دریافت سے متعلق ہے۔

پاکستان پیٹرولیم نے کہا ہے کہ یہ قلات کے علاقے میں گیس کے ذخائر کی پہلی دریافت ہے۔

صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں واقع مرگند ایکس- ون کی کھدائی کا آغاز 30 جون کو کیا گیا تھا جو چلتن لائم اسٹون میں 4500 میٹرز گہرائی تک پہنچ گئی ہے۔ وائر لائن لوگس کی بنیاد پر موڈیولر ڈائنامکس ٹیسٹنگ کی گئی تھی جس سے ہائیڈروکاربنز کی موجودگی کے شواہد ملے۔

وائرلائن اور ایم ڈی ٹی کے نتائج کی بنیاد پر چلتن لائم اسٹون میں ڈرل اسٹیم ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ ڈرل اسٹیم ٹیسٹ کے دوران کنویں میں 10.7 ملین کیوبک فٹ پر ڈے گیس اور 132 بیرول یومیہ لیکویڈ کے ساتھ دریافت ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کنویں سے دریافت ہونے والے لیکویڈ کی نوعیت کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، کنواں زیادہ شرح پر گیس کے بہاؤ کی صلاحیت رکھتا ہے۔