باب وولمر کو غیر مسلم سمجھنا حرام ہے، مفتی زبیر

باب وولمر کو غیر مسلم سمجھنا حرام ہے، مفتی زبیر
معروف عالم دین مفتی زبیر نے کہا ہے کہ انضمام الحق اور مشتاق احمد نے گواہی دی ہے کہ باب وولمر نے ان کے سامنے کلمہ پڑھا تھا، تو اب شک کی کوئی گنجائش نہیں رہ جاتی۔ باب وولمر کو غیر مسلم سمجھنا اور کہنا شرعاً ناجائز اور حرام ہے۔

ایک نجی ٹیلی وژن سے گفتگو میں مفتی زبیر کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ شاہد آفریدی کا بھی یہ بیان کہ سابق کوچ باب وولمر کے دل میں اسلام کا مطالعہ کرنے کا شوق جاگ اٹھا تھا، یہ بات بھی ان کے مسلمان ہونے کی تصدیق کیلئے کافی ہے۔

مفتی زبیر کا کہنا تھا کہ شرعی طور پر انھیں مسلمان ہی کہا جانا ضروری ہے کیونکہ جب دو مسلمان اس بات کی گواہی دے رہے ہوں کہ انہوں نے خود باب وولمر کو کلمہ پڑھتے ہوئے دیکھا تھا تو اس کے علاوہ کسی اور تصدیق کی ضرورت نہیں رہ جاتی۔

اس موقع پر انہوں نے تاریخ اسلام کا ایک انوکھا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک یہودی بچہ حضرت محمد ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا کرتا تھا۔ اس پر نزع کا وقت طاری ہوا تو اس کا والد آپ ﷺ کے پاس آیا اور التجا کی کہ آپ ﷺ تشریف لے چلیں کیونکہ اس کا آخری وقت ہے۔

https://twitter.com/SAMAATV/status/1458858752300523526?s=20

انہوں نے کہا کہ یہ سنتے ہی حضور ﷺ اپنے خلفہ راشدین کو ساتھ لے کر اس کے پاس گئے اور عیادت فرمائی، اس بچے نے آپ ﷺ کو دیکھتے ہی اپنی آنکھیں کھولیں اور گفتگو فرمائی تو آپ ﷺ نے اسے کلمہ پڑھنے کی تلقین فرمائی، یہ سنتے ہی بچے نے اپنے والد کی طرف دیکھا تو اس نے کہا کہ جو آپ ﷺ فرما رہے ہیں، اس پر عمل کر لو، چنانچہ اس بچے نے کلمہ پڑھ لیا۔

مفتی زبیر نے یہ ایمان افروز واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ نے بچے کے کلمہ پڑھنے پر ناصرف خوشی کا اظہار کیا بلکہ یہ ارشاد فرمایا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے اپنے بندے کو جہنم سے نکال کر جنت میں داخل کرنے کا فیصلہ فرما لیا۔ اس کے بعد آپ ﷺ نے اپنے ہاتھوں سے اسے لحد کے اندر اتارا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب جبکہ یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ باب وولمر صاحب باقاعدہ اسلام کا شوق رکھتے تھے تو اس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں رہتی، اگر کسی کو شک ہے تو کہتا کہ اس کے ثبوت کیلئے گواہ لائو تو اس کی تصدیق کیلئے انضمام الحق اور مشتاق احمد موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‘کرکٹ کی دنیا سے تہلکہ خیز خبر، باب وولمر انتقال سے قبل کلمہ پڑھ چکے تھے’

خیال رہے کہ سابق کپتان انضمام الحق نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے سابق کوچ باب وولمر انتقال سے قبل کلمہ طیبہ پڑھ کر مسلمان ہو چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرنے سے چار دن قبل باب وولمر نے کلمہ پڑھا تھا۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ میں اور سابق لیگ سپنر مشتاق احمد نیٹ پریکٹس کر رہے تھے کہ اچانک باب وولمر نے مجھ سے مخاطب ہو کر پوچھا کہ یار یہ مسلمان ہونے کیلئے کیا طریقہ اختیار کیا جاتا ہے؟

انضمام الحق نے بتایا کہ میں نے ان سے کہا کہ مسلمان ہونے کیلئے سب سے پہلے وضو کیا جاتا ہے اور اس کے بعد کلمہ پڑھتے ہیں۔ تاہم انہوں نے پھر سوال دہرایا کہ مجھے بتائو کہ آخر وہ کون سا کلمہ ہے جو مسلمان ہونے کیلئے لازم ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ یہ سنتے ہی مشتاق احمد نے تیزی سے کلمہ پڑھنا شروع کیا تو باب وولمر نے انھیں کہا کہ زرا آرام سے پڑھیں کیونکہ میں بھی آپ کیساتھ اسے دہرانا چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ مشتاق احمد نے آہستگی کیساتھ کلمہ طیبہ پڑھا تو باب وولمر نے اس کیساتھ ساتھ اسے دہرایا۔ انضمام الحق نے کہا کہ ہم گواہ ہیں کہ سابق پاکستانی کوچ نے کلمہ پڑھا تھا لیکن اللہ تعالیٰ ہی دلوں کے حال بہتر جانتا ہے۔ اللہ کرے کہ وہی کلمہ قبول فرما لیا جائے، اس سے شاید ان کی مغفرت ہو جائے۔

خیال رہے کہ باب وولمر کو اس دنیا سے رخصت ہوئے 14 برس بیت چکے ہیں۔ ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے کامیاب ترین کوچز میں کیا جاتا ہے۔ رابرٹ اینڈریو وولمر 14 مارچ 1948ء کو بھارت کے شہر کانپور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نےانگلینڈ کی جانب سے 19 ٹیسٹ اور چھ ون ڈے میچ کھیلے لیکن ان کی وجہ شہرت ان کا ٹیسٹ کیرئیر نہیں بلکہ ان کی کوچنگ رہی۔

باب وولمر نے 1990ء کی دہائی میں جنوبی افریقی ٹیم کی کوچنگ کی۔ ان کی جدید انداز کی ٹریننگ کی بدولت بہت کم عرصےمیں جنوبی افریقا دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمار کی جانے لگی۔

بھارت سے 2004ء میں ون ڈے اور ٹیسٹ میں شکست کے بعد باب وولمر کو جاوید میاں داد کی جگہ پاکستان ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا۔ ان کی کوچنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2005ء میں بھارتی سرزمین پر ناصرف ٹیسٹ سیریز ڈرا کی بلکہ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 2-4 سے کامیابی اپنےنام کی۔

باب وولمر دس ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم کے کوچ رہے، ان دس میں سے پاکستانی ٹیم نے چار میں فتح ،تین میں شکست اور تین ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے، اس کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم نے ان کی دور کوچنگ میں37 ون ڈے میچزجیتے،29 ہارے اور تین ڈرا کیے۔