ملائیشین کمپنی پروٹون نے سیڈان ساگا کی قیمت میں اضافہ کردیا

ملائیشین کمپنی پروٹون نے سیڈان ساگا کی قیمت میں اضافہ کردیا
ملائیشیا کی کار مینوفیکچرنگ کمپنی پروٹون نے اپنی گاڑی سیڈان ساگا کی قیمت میں 2 لاکھ چوبیس ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل چنگان، یونائیٹڈ موٹرز، ہنڈائی، کیا، ہونڈا، سوزوکی اور ٹویوٹا کمپنی نے اپنی گاڑیوں کی قیمتیں بڑھا دی تھیں۔ اس کی وجہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ قرار دیا گیا تھا۔

پروٹون کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق 26 نومبر سے ہو چکا ہے۔ ٹاپ آف دی چین ساگا ایس، ٹاپ آف دی چین ساگا ایس اور ساگا بیسک مینوئل ٹرانسمیشن کی قیمتوں میں دو لاکھ چوبیس ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

تاہم کمپنی کی جانب سے ابھی تک پروٹون ایس یو وی گاڑی کی قیمت میں اضافے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے۔ لیکن ڈیلر حضرات کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ دسمبر میں اس کی قیمتیں بھی 4 لاکھ روپے تک بڑھ جائیں گی۔

ڈیلروں کا کہنا ہے کہ گاڑیاں مہنگی ہونے کی وجہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہے۔ ab فی کنٹینر قیمت 8 ہزار ڈالر تک پہنچ چکی ہے، اس سے درآمدی بل پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

ان کے مطابق کمپنی ملائیشیا سے تقریباً تمام پرزے درآمد کرتی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہونے سے خام مال کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔

کار ڈیلروں کو خدشہ ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا اثر فروخت پر بھی پڑے گا، اس میں چالیس فیصد تک کمی ہو سکتی ہے۔