ویرات کوہلی اور میرے درمیان جو گفتگو ہوئی وہ کسی کو نہیں بتا سکتا، محمد رضوان

ویرات کوہلی اور میرے درمیان جو گفتگو ہوئی وہ کسی کو نہیں بتا سکتا، محمد رضوان
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران میرے اور ویرات کوہلی کے درمیان جو گفتگو ہوئی میں وہ کسی کو نہیں بتا سکتا، حتیٰ کہ میرے بھائی نے بھی مجھ سے پوچھا مگر وہ ہماری کرکٹ فیملی کی آپسی گفتگو ہے۔

قومی ٹیم کے سٹار کھلاڑی محمد رضوان نے کہا کہ ویرات کوہلی ورلڈ نمبر ون بیٹسمین ہیں اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ کوئی بھی کھلاڑی کسی بھی ٹیم کا ہو وہ ہماری کرکٹ فیملی کا حصہ ہے اور ہم سب ایک دوسرے کی عزت اور احترام کرتے ہیں۔

محمد رضوان نے بتایا کہ پاک بھارت میچ کے دوران ویرات کوہلی نے آن گراؤنڈ کچھ جملے اور باتیں کہیں مگر شاید اپنی ٹیم کو جتوانے کے لیے ہر کھلاڑی ایسا کرتا ہے۔



انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ کو ہم ایک نارمل میچ کی طرح کھیلے مگر جب سب نے کہا کہ سیمی فائنل ہارے تو کوئی بات نہیں مگر آپ بھارت سے جیت گئے، اس کے بعد پتہ چلا کہ یہ بہت بڑا میچ تھا۔

اس انٹرویو میں محمد رضوان سے جب پوچھا گیا کہ آپ خواتین کے ساتھ تصاویر کیوں نہیں لیتے تو اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے خواتین بہت قابل احترام ہیں اور میں خود کو اس قابل نہیں سمجھتا کہ جب کوئی ماں یا بہن میرے ساتھ تصویر کھنچوانے کا کہتی ہے تو میں ان کے ساتھ تصویر کھنچواؤں، ان خواتین کا معیار میرے نزدیک بہت اعلیٰ ہے۔

محمد رضوان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ میری خواہش ہے کہ میرے اس عمل پر ہماری مداح ماں بہنیں مجھ سے خفا نہ ہوں لیکن اس کے باوجود کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کے ذریعے میں خود کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔