وزیراعظم کا اپنی ٹیم کے 10 بہترین وزراء کیلئے ایوارڈ، مراد سعید کا پہلا نمبر

وزیراعظم کا اپنی ٹیم کے 10 بہترین وزراء کیلئے ایوارڈ، مراد سعید کا پہلا نمبر
وزیراعظم نے بہترین کارکردگی پر وفاقی وزرا میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں بہترین کارکردگی پر ورزرا، مشیر اور معاون خصوصی کو تعریفی اسناد دی گئیں جن میں کارکردگی کی بنیاد پر مراد سعید کی وزارت مواصلات کا پہلا نمبر رہا اور انہیں پہلا ایوارڈ د یا گیا۔

بہترین کارکردگی دکھانے پر وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر ہوا بازی غلام سرور، وزیر قومی فوڈ اینڈ سکیورٹی فخر امام، وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔

کارکردگی کی بنیاد پر مراد سعید کی وزارتِ مواصلات کا پہلا نمبر رہا، اسد عمر کی وزارتِ پلاننگ کا دوسرا، غربت کے خاتمے کی وزارت کا تیسرا، شفقت محمود کی وزارتِ تعلیم کا چوتھا، شیریں مزاری کی وزارتِ انسانی حقوق کا پانچواں، خسرو بختیار کی وزارتِ صنعت کا چھٹا، نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کا ساتواں، عبد الرزاق داؤد کی وزارتِ تجارت کا آٹھواں، وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی وزارتِ داخلہ کا نواں جبکہ سید فخر امام کی نیشنل فوڈ اینڈ سیکیورٹی کی وزارت کا آخری یعنی دسواں نمبر رہا۔

وزیرٍِ اعظم کے معاونِ خصوصی شہزاد ارباب کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پرفارمنس ایگریمنٹ کانظام شفاف بنایا گیا ہے وزیرِ اعظم عمران خان نے پرفارمنس ایگریمنٹ کو پہلے دن سے ہی اونر شپ دی۔

انہوں نے بتایا کہ 2020 ء میں وزارتوں کی کارکردگی صرف 49 فیصد تھی، پہلے کوارٹر میں وزارتوں کی کارکردگی 62 فیصد تھی۔

شہزاد ارباب نے یہ بھی کہا کہ اس کوارٹر کے اختتام پر وزارتوں کی کارکردگی 79 فیصد ہو گئی ہے، ان 10 وفاقی وزراء کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ دیے گئے۔