عوام نے حکومت کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا، پارلیمانی روایات کو پامال نہیں ہونے دیں گے: چودھری پرویز الٰہی

عوام نے حکومت کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا، پارلیمانی روایات کو پامال نہیں ہونے دیں گے: چودھری پرویز الٰہی
مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہماری جماعت پارلیمانی روایات کو پامال نہیں ہونے دے گی۔ عوام نے حکومت کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا۔ ہر حکومت کا حق ہے کہ وہ اپنی مدت پوری کرے۔

تفصیل کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وفد کے ہمراہ یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

وفد میں سینیٹر نصیب اللہ خان بازئی، سینیٹر محمدعبدالقادر، سینیٹر پرنس احمد عمر احمد زئی، سینیٹر احمد خان، سینیٹر دلاور خان، سینیٹر کہدہ بابر، صوبائی وزیر نور محمد اور شاہ زل شامل جبکہ سینیٹر کامل علی آغا اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وفد کے ارکان نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عوام نے حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے، پارلیمانی روایات کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر جمہوری حکومت کا حق ہے کہ اسے عوامی خدمت کیلئے دیا گیا عرصہ مکمل کرنے دیا جائے، الیکشن مقررہ وقت پر ہی اچھے لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشاورت کا عمل اور ملاقاتیں جاری رہتی ہیں جو کہ سیاسی عمل کا حصہ ہیں، فیصلہ سوچ سمجھ کر اپنی پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں ملکی مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے۔ ملک میں روز بروز بدلتی ہوئی سیاسی آب وہوا پر پوری نظر ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، ان کی حالات پر گہری نظر ہے، ہمیں قوی امید ہے کہ موجودہ حالات میں کوئی راستہ نکال لیں گے۔